مزید خبریں

متحدہ ارکان کی ترقیاتی اسکیمیں بجٹ میں شامل کرنیکا مطالبہ منظور

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے اتحادی جماعت ایم کیو ایم کا بڑا مطالبہ مان لیا، ایم کیو ایم ارکان کی ترقیاتی اسکیمز بجٹ میں شامل کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ایم کیو ایم پاکستان کے 8 رکنی وفد کی ملاقات، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کے درمیان ہونے والے معاہدے کے نکات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں بلدیاتی ایکٹ میں مزید ترامیم پر سلیکٹ کمیٹی کی تجویز پر غور کیا گیا، ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی کیلیے ایم کیوایم پاکستان کے تجویز کردہ نام پر غور کیا گیا، اس معاملے پر جلد پیش رفت متوقع ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاہدے کے دیگر نکات کے حل کیلیے جلد ملاقاتوں پر اتفاق کیا گیا اور بلدیاتی قانون کا معاملہ بھی جلد طے کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے ایم کیو ایم کا بڑا مطالبہ مان لیا ہے جس کے مطابق آئندہ مالی سال کیلیے سندھ کے بجٹ میں ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی کی ترقیاتی اسکیموں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ سندھ حکومت بجٹ میں ایم کیو ایم کی تجویز پر اسکیمز شامل کرے گی اور ایم کیو ایم ارکان اسمبلی کو ڈیولپمنٹ کمیٹی میں شامل کیا جائے گا۔ سندھ کا بجٹ 14 جون کو پیش کیا جائیگا اور ایم کیو ایم رہنماؤں نے بجٹ تجاویز دیے جانے کی تصدیق کی ہے۔ واضح رہے کہ سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے اراکین کی تعداد 21 ہے اور متحدہ کے اراکین اسمبلی کراچی اور حیدرآباد کیلیے ترقیاتی اسکیمز جمع کرائیں گے۔ گزشتہ روز ایم کیو ایم نے پیپلز پارٹی سے نئے مطالبات کیے تھے اور کراچی وحیدرآباد کے میئر کے ساتھ کراچی کے 3 اضلاع سینٹرل، ویسٹ اور ایسٹ کی ایڈمنسٹریٹر شپ بھی مانگی تھی۔ اس حوالے سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری سے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اور وزرا نے ملاقات کی ہے، جس میں ایم کیو ایم کو بلدیاتی اداروں میں حصہ دینے سے متعلق گفتگو ہوئی ہے۔