مزید خبریں

توہین رسولﷺ کے مرتکب شخص کو گرفتار کیا جائے‘ مفتی عبدالشکور

مظفرآباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے کہا ہے کہ بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کے ذمے دار کی جانب سے رسول اکرمﷺ کی شان اقدس میں گستاخی قابل مذمت ہے جس کی حکومت پاکستان نے نہ صرف مذمت کی ہے بلکہ حکومت ہند سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے شخص کو گرفتار کیا جائے جو توہین مذہب کے ساتھ توہین رسولﷺ کا مرتکب ہوا ہے۔سابقہ حکومت نے حج انتظامات کے سلسلے میں اپنا کردار ادا نہیں کیا ،ہم نے حجاز مقدس کا خود دورہ کر کے اعلیٰ ترین مقامات کر تعین کیا اور کرایوں اور دیگر اخراجات میں بھی فی حاجی لاکھوں روپے کی بچت کی۔حج آپریشن شروع ہوچکا ہے ان شا اللہ اسے بخیر عافیت تکمیل تک پہنچائیں گے۔جمعیت علماء اسلام جموں وکشمیر ریاست میں اسلامی نظام کے لیے کوشاں ہے۔مقبوضہ کشمیرکے بھائیوں کی تحریک صرف کشمیری بھائیوں کی تحریک نہیں بلکہ پورے پاکستان کی تحریک ہے۔یاسین ملک سمیت تمام اسیر رہنمائوں کو فوری رہا کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر مذہبی امور نے یہاں مظفرآباد میں جمعیت علماء اسلام کے قائدین کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفد کی قیادت جمعیت علماء اسلام جموں وکشمیر کے سرپرست اعلیٰ مولانا قاری عبدالمالک توحیدی نے کی جبکہ وفد میں ان کے ہمراہ مرکزی سیکرٹری جنرل مولاناامتیاز احمد عباسی، مولانا ہدایت اللہ،ڈویژنل سیکرٹری جنرل مولانا قاری عبدالماجد،ضلعی امیر مولانا مفتی سید عدنان علی شاہ ،مولانا قاری محمد یونس شاکر ،مولانا فضل وہاب،مولانامفتی اختر منیر،مولانا عطاء الرحمن سمیت دیگر شامل تھے۔