مزید خبریں

سندھ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی بورڈ کے قیام کیلیے مسودہ تیار کرلیا، آصف اکرام

کراچی (رپورٹ: محمد انور) حکومت سندھ کے محکمہ انفارمیشن سائنس و ٹیکنالوجی کو وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی توجہ اور دلچسپی کی وجہ سے طویل عرصے بعد فعال کردیا گیا ہے، اس ضمن میں سیکرٹری انفارمیشن سائنس و ٹیکنالوجی آصف اکرام نے بتایا ہے کہ صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کیلیے ’’سندھ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی بورڈ‘‘ (ایس ڈی ٹی بی) کا قیام جلد عمل میں لایا جارہا ہے، ساتھ ہی صوبے کے مختلف اضلاع میں طالبعلموں کی سہولت کیلیے انٹرنیٹ وائی فائی کی مفت سہولت فراہم کرنے کیلیے اقدام کیے جارہے ہیں جبکہ صوبے کے اہم سرکاری دفاتر کو ’’پیپر لیس‘‘ بنانے کیلیے پروجیکٹ پر کام کیا جارہا ہے۔ پیر کو جسارت سے گفتگو میں آصف اکرام نے بتایا کہ سندھ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی بورڈ کے قیام کیلیے بل جلد ہی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، مجوزہ بل کا حتمی مسودہ محکمہ قانون کو بھیج دیا گیا۔ اس بورڈ کے تحت نوجوانوں اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے دلچسپی رکھنے اور اس کے طالبعلموں کو خصوصی تربیت دی جائے گی تاکہ نوجوان آئی ٹی ٹیکنالوجی خصوصاً سافٹ ویئر سے آگاہی حاصل کرتے ہوئے جاوا و دیگر سوفٹ ویئر ڈیولپمنٹ کی تربیت حاصل کرسکیں، ان کا کہنا ہے کہ ایس ڈی ٹی بی کے قیام کا بنیادی مقصد اسکلڈ افرادی قوت کا فروغ ہے۔ آصف اکرام کا کہنا ہے کہ سرکاری اداروں میں ای گورننس کے منصوبے بنائے جارہے ہیں، وائی فائی انٹرنیٹ کی سہولت دادو، بدین اور کراچی کے علاقے لیاری میں ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جائے گی، اس ضمن میں عمر کوٹ میں ایک سینٹر نے کام شروع کردیا ہے۔