مزید خبریں

لیاقت مارکیٹ میں ڈکیتی کی وارداتوں کیخلاف جماعت اسلامی کی ریلی

کراچی(پ ر) لیاقت مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی ڈکیتیوں کی وارداتوں کے خلاف نامزد یوسی4 چیئرمین کریم بخش کی قیادت میں جماعت اسلامی نے مسجد علی سے لیاقت مارکیٹ تانگہ اسٹینڈ تک احتجاجی ریلی نکالی بعد ازاں کریم بخش نے ریلی کے شرکا سے خطاب میں کہا کہ جماعت اسلامی کو بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تشویش ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ تاجروں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کرے۔ جماعت اسلامی کے نامزد وائس چیئرمین بلیغ الدین نے کہا لیاقت مارکیٹ کراچی کا معاشی حب ہے۔ یہاں نقص امن بے روزگاری و بدامنی کا باعث بنے گا ۔ لہٰذا قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آئیں اور ملزمان کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دیں۔ مظاہرے سے سعید احمد اور برہان الدین نے بھی خطاب کیا۔ جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے متاثرہ دکانداروں سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر سابق صدر لیاقت مارکیٹ حنیف گھانچی ، لیاقت مارکیٹ کے تاجر قمر وارثی اورزوہیب قریشی بھی موجود تھے۔