مزید خبریں

عالم اسلام کے سربراہان بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کااعلان کریں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)مودی حکومت کی ترجمان نے پوری امت مسلمہ کی دل آزاری کی ہے۔ حرمت رسول ؐپر مسلمان جان نچھاور کرنا فخر سمجھتا ہے۔بھارتی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے۔تمام اسلامی ممالک کے سربراہان اپنے اپنے ممالک میں بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کریں۔ بھارت سے سفارتی تعلقات منقطع کیے جائیں۔ توہین رسالت کرنے والے مکروہ عناصر دنیا و آخرت میں ذلیل و رسوا ہونگے۔ حکومت پاکستان بھارت سے جواب طلبی کرے۔ مسلمان مر سکتا ہے مگر آقائے نامدار ؐکی شان میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتا۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علما اسلام کے مرکزی رہنما،امیر ضلع کیماڑی قاری محمد عثمان نے جے یوآئی کراچی کے زیراہتمام پریس کلب پر احتجاجی مظاہرے کے بعد پرہجوم پریس کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ آج کا عظیم الشان مظاہرہ ہندوستان میں مودی حکومت کی ترجمان کی جانب سے حضور اکرم ؐکی شان میں کی گئی گستاخی کے خلاف نفرت کا اظہار ہے۔ پاکستان بھر میں مولانا فضل الرحمن کے حکم پر پورا ملک سراپا احتجاج ہے۔ جب تک مودی حکومت امت مسلمہ سے باضابطہ آفیشل طریقے سے معافی نہ مانگے تب تک بھارتی سفارتخانے بند رکھے جائیں۔انہوں نے کہاکہ جس حکومتی ترجمان نے حضور اکرم ؐکی شان میں گستاخی کی ہے اسے فوری طور پر عہدے سے ہٹاکر نشان عبرت بنایا جائے، قرار واقعی سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہندوستان میں انصاف نام کی کوئی چیز ہے تو اس ترجمان کو نشان عبرت بنایا جائے ورنہ جمعیت علمائے اسلام ملک بھر اور کراچی میں تاریخ وہ عظیم الشان احتجاج کرے گی ۔