مزید خبریں

ون ڈے سیریز جیت کر ملتان کے شائقین کو تحفہ دیں گے، بابر اعظم

ملتان (نمائندہ خصوصی) ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان کے خلاف3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان پہنچ چکی ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان3 ایک روزہ میچوں کی سیریز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی جہاں تقریبا 14 سال بعد انٹرنیشنل میچ کھیلا جائے گا۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا پہلا میچ 8 جون کو کھیلا جائے گا جبکہ دیگر میچز 10اور 12جون کو کھیلے جائیں گے۔ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان کے خلاف آخری مرتبہ ون ڈے سیریز 31 سال قبل جیتی تھی، ریڈ کیپس نے آخری مرتبہ 1991میں عمران خان کی قیادت میں کھیلنے والی پاکستانی ٹیم کو شکست دی تھی۔ اس سے ایک سال قبل ہی 1990میں پاکستان نے اس وقت دنیا کی سب سے خطرناک تصور کی جانے والی ایک روزہ ویسٹ انڈین ٹیم کو 3-0 سے شکست دی تھی۔پاکستان نے 1991کے بعد ویسٹ انڈیز کو ایک مرتبہ بھی ون ڈے سیریز جیتنے کا موقع فراہم نہیں کیا، 1990میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے سیریز 2,2 میچز سے برابر ہو گئی۔ اس کے علاوہ پاکستان نے 2002 میں یو اے ای میں کھیلی جانے والی ون ڈے سیریز میں کالی آندھی کو شکست دی، اس کے علاوہ 2006، 2008، 2011، 2013، 2016اور 2017 میں بھی ویسٹ انڈیز کو گرین شرٹس کے ہاتھوں شکست کا خفت کا سامنا رہا۔ تاہم اگر پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ایک روزہ میچوں کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو ویسٹ انڈیز کو پاکستان پر سبقت حاصل ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک کھیلے گئے 134 میچز میں سے 71میں ریڈ کیپس جبکہ 60 میں گرین شرٹس کو کامیابی ملی ہے۔ اس موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ 14سال بعد ون ڈے سیریز جیت کر ملتان کے شائقین کو تحفہ دیں گے، ڈپٹی کمشنرملتان طاہر وٹو نے کہاہے کہ پاک ویسٹ انڈیز سیریز کیلئے سخت سکیورٹی انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آفس میں مرکزی کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے۔