مزید خبریں

حافظ نعیم الرحمٰن نے الخدمت “بنو قابل پروجیکٹ” کا افتتاح کردیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)الخدمت کراچی کے تحت آئی ٹی کے شعبے میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لیے ’’بنو قابل پروجیکٹ ‘‘ کا آغاز کر دیا گیا ہے ، پروجیکٹ کے تحت میٹرک اور انٹر پاس کرنے والے طلبہ کو3 اور6 ماہ کے ویب ڈیولپمنٹ ، ویب ڈیزائننگ ایمزون سمیت مختلف کورسز کرائے جائیں گے ، یہ کورسز PASHA،APTEC سمیت دیگر نجی اداروں کے تعاون سے کرائے جائیںگے اور ، پلسیمنٹ بیورو قائم کیا جا رہا ہے جس کے ذریعے سے کورسز کرنے والے نوجوانوں کو ملازمتوں کی فراہمی کی بھی کوشش کی جا ئے گی ، پروجیکٹ کے لیے الخدمت نے 50ملین روپے مختص کیے ہیں جس میں 30ملین کی اسکالر شپ اور 20ملین دیگر ضروری اخراجات کے لیے رکھے گئے ہیں ، کورس سال میں 2 مرتبہ ہوں گے ، Banoqabil.pk پر رجسٹریشن کی جائے گی ، پہلے کورسز کا ٹیسٹ 3جولائی کو ہو گا ، یہ اعلانات مقامی ہوٹل میں ’’بنو قابل پروجیکٹ ‘‘ کی افتتاحی تعارفی تقریب میں کیے گئے ہیں جس کے مہمان خصوصی الخدمت کراچی کے صدر و امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن تھے ۔ تقریب سے الخدمت کے چیف ایگزیکٹو نوید علی بیگ ، APTECکے سی ای او اقبال یوسف ، PASHAکی شمیم راجانی ، انوویٹر سلوشنز کے ایم ڈی طاہر عزیز ، سوشل انٹر پینور ریحان اللہ والا، الخدمت کے قاضی صدرالدین اور دیگر نے خطاب کیا ۔ اس موقع پر پروجیکٹ کی نگرانی کے حوالے سے ایک کمیٹی کا بھی اعلان کیا گیا جس میں ڈاکٹر واسع شاکر ، نوید علی بیگ ، وجیہ حسن ، یوسف محی الدین ، عاطف علی خان اور سلمان شیخ شامل ہیں ۔ حافظ نعیم الرحمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت کا بنو قابل پروجیکٹ نوجوانوں کو خود انحصار بنانے کی جانب اہم قدم ہے ،اس کا مقصد نوجوانوں کو اپنی فیملی اور ملک و قوم کے لیے مفید بنانا ہے ، کراچی میں لاکھوں نوجوانوں کے لیے سرکاری ملازمتوں کے دروازے بند ہیں ۔ تعلیمی قابلیت کے مطابق مناسب ملازمتیں نہ ملنے کی وجہ سے نوجوان معمولی کام کرنے پر مجبور ہیں ، عارضی اور وقتی کام ہمارے نوجوانوں کا مقدر نہیں ہو سکتا ۔ بنو قابل پروجیکٹ کے تحت مختلف کورسز کرنے والے نوجوان اپنا روزگار خود پیدا کرنے کے قابل بن جائیں گے ، سوسائٹی میں روزگار کے مناسب مواقع نہ ہونے کی وجہ سے نوجوان نا پسندیدہ سرگرمیوں میں مبتلا ہو جاتے ہیں ، نوجوانوں کو مختلف اسکلز سکھاکر ہنر مند بنانا حکومت کا کام ہے لیکن وہ مکمل لا تعلق ہے ، حکومت نہ سڑکیں بنا رہی ہے نہ ٹرانسپورٹ کا نظام فراہم کر رہی ہے ،صرف اعلانات کیے جا رہے ہیں ،صوبائی حکومت 14سال میں کراچی کے ساڑھے 3 کروڑ لوگوں کے لیے 200بسیں لا کر ایسا جشن منا رہی ہے جیسے کوئی بہت بڑا کارنامہ انجام دیا ہو ، جو حکومت عوام کو سہولیات نہ دے اس کے خلاف جدو جہد ذمے داری بھی اور عبادت بھی ہے۔ نوید علی بیگ نے مختلف کورسز کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ الخدمت آئی ٹی سمیت تعلیم کے شعبے میں اپنی خدمات جاری رکھے گا ، انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے کے ماہرین نے پروجیکٹ کے لیے کورسز تیار کیے ہیں ، ان کو مزید وسعت دی جائے گی ، نوید علی بیگ نے بنو قابل پروجیکٹ میں تعاون کرنے والے اداروں اور ان کے ذمے داران کا بھی خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔اقبال یوسف ، شمیم راجانی ، طاہر عزیز اور دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں الخدمت کے بنوقابل پروجیکٹ کو بھر پور طریقے سے سراہتے ہوئے آئی ٹی کے شعبے میں نوجوانوں کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا ور کہا کہ ہم اس طرح کی کوششوں کو بہت قابل قدر سمجھتے ہیں ، ڈیزائن کیے گئے کورسز میں ہمارا مکمل تعاون جاری رہے گا ، ۔