مزید خبریں

تاثر ہے ادارے نیوٹرل نہیں کرپٹ حکومت کے ساتھ ہیں،عمران خان

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ تاثرہے خود کونیوٹرل کہنے والے ادارے کرپٹ حکومت کے ساتھ ہیں۔ایک انٹرویو میں ان کا کہناتھاکہ سیاسی جدوجہد میں ہارنہ ماننا اہم ہوتا ہے، میں اپنی ذات کے لئے نہیں لڑرہا بلکہ پاکستان کوبچانے کے لیے جہاد کررہا ہوں،پاکستان کودوبارہ کرپٹ عناصرکے حوالے کردیا گیا ہے، عوام میں اس بارے میں غصہ ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ بیرونی سازش سے اقتدار میں آنے والی جماعتیں تباہ ہوں گی لیکن اس کا اثراداروں پربھی پڑے گا۔عمران خان کے بقول میرے خیال ہے کہ یہ صورتحال زیادہ دیرتک نہیں چلے گی، موجودہ حکومت کا آئندہ انتخابات میں دھاندلی کا منصوبہ ہے، یہ سسٹم کو دھاندلی زدہ کرنا چاہتے ہیں تاکہ الیکشن جیت سکیں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میں ملک میں تشدد اورعوامی املاک کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتا، موجودہ حکومت نے پنجاب میں جرائم میں ملوث افسروں کو اعلیٰ عہدوں پر تعینات کردیا ہے،چاہتا ہوں کہ عدالت عظمیٰ واضح ہدایات دے جس کے بعد لانگ مارچ کی منصوبہ کی جائے گی۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان میں موروثی سیاست کا خاتمہ ہوگا،پاکستان میں 60 سال میں سے 30 سال 2 خاندانوں نے حکومت کی۔علاوہ ازیں نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی آئی سربراہ نے پارٹی قیادت کو ممکنہ گرفتاری کے حوالے سے اعتماد میں لیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ کسی صورت امپورٹڈ حکومت کے سامنے نہیں جھکیں گے اور ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔کورکمیٹی اجلاس میں عمران خان نے کہا کہ حکومت نے مجھے گرفتار کرنے کا پلان بنایا ہے اطلاع ملی اسلام آباد پہنچنے پر گرفتارکیا جائے گا امپورٹڈ حکومت سمجھتی ہے میں ایسے ڈر جائوں گا اب کسی صورت پیچھے نہیں ہٹوں گا۔اجلاس میں عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کی صورت میں ملک بھر میں فوری ردعمل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ ارکان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مقبول سیاسی جماعت کے لیڈرکی گرفتاری حکومت کی بڑی بیوقوفی ہو گی معاشی طور پرتباہی کی طرف جاتی حکومت مزیدتباہی کرے گی گرفتارکیاگیاتو ملک مزیدمعاشی بدحالی کی طرف جائے گا۔کورکمیٹی اجلاس کے بعد ملک بھر کی تنظیموں کو متحرک کر دیا گیا ،تمام تنظیمی کمیٹیاں کسی بھی کال کیلئے الرٹ پررہیں گی اور 7دن کے اندر تنظیموں کی رپورٹ عمران خان کو دی جائے گی۔کور کمیٹی نے پنجاب کی 20 نشستوں پر الیکشن میں بھرپور تیاری سے لڑنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کامقابلہ میدان میں کریں گے۔