مزید خبریں

لوڈشیڈنگ کا دورانیہ آج سے کم ہوکر ساڑھے 3 گھنٹے پر آجائیگا،ن لیگ

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک+خبر ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے دعویٰ کیا ہے کہ بجلی کے بحران پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں اور آج (منگل) سے لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم ہو کر محض ساڑھے 3 گھنٹے پر آجائے گا۔ دوسری جانب ملک میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 16 گھنٹے تک پہنچ گیا ،پاور ڈویژن ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار 793 میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے۔بجلی کی مجموعی پیداوار 19 ہزار207 میگاواٹ جبکہ طلب 27 ہزار میگاواٹ ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میںسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر خرم دستگیر اور مصدق ملک کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لوڈشیڈنگ پر جلد قابو پالیں گے، ہم نے کوئلے سے چلنے والے پلانٹس کی پیداوار بڑھادی ہے جس کے بعد سے 16 جون سے لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 3 سے بھی کم رہ جائے گا جبکہ 30 جون سے لوڈ شیڈنگ 2 سے ڈیڑھ گھنٹے کے قریب ہوگی۔شاہد خاقان عباسی نے امید ظاہر کی کہ جولائی میں لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں مزید کمی لاسکیں گے جبکہ ملک میں آج بجلی کی ضرورت 25 ہزار میگاواٹ ہے، ہمیں جو کچھ ملا اسے چیلنج سمجھ کر قبول کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ پر عوام سے معذرت چاہتے ہیں، بجلی کے بحران، کوتاہیوں، کرپشن اور نالائقی کی لمبی داستان ہے، دوبڑے پلانٹس جو سستی بجلی بناتے تھے اور 2019ء میں مکمل ہونا تھے آج تک مکمل نہیں ہوسکے، 4 برس میں بجلی کا کوئی نیا پلانٹ نہیں لگا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بازار سے مہنگی ایل این جی اور فرنس آئل لے کر بجلی بنار ہے ہیں، ایل این جی کے جہاز جو 30 ملین ڈالر میں آئے تھے آج 120 ملین ڈالر کے لے رہے ہیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف ثبوت مل گئے تو انہیں گرفتار کرلیا جائے گا،عمران خان کے خلاف عدالت میں ثبوت کے ساتھ جائیں گے ،انہوں نے کہا کہ عمران خان سمجھ لیں اس فساد سے پاکستان کا امیج خراب ہوگا۔ علاوہ ازیں ملک میں توانائی بحران شدت اختیار کر گیا۔ ذرائع پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار 793 میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے۔بجلی کی مجموعی پیداوار 19 ہزار207 میگاواٹ ہے۔ بجلی کی کل طلب 27 ہزار میگاواٹ ہے۔ملک کے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ16 گھنٹے تک جا پہنچا ہے۔