مزید خبریں

پاکستانی قوم بھی بھارتی مصنوعات کا بائیکاٹ کرے‘ فضل الرحمن

اسلام آباد(صباح نیوز)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے بی جے پی ترجمان کی حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخانہ کلمات کے خلاف جمعہ کوپرامن احتجاج کا اعلان کیا ہے،پارٹی قیادت اور اراکین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے آقا صلی اللہ علیہ وسلم کی ناموس کے تحفظ کے لئے بعد از نماز جمعہ احتجاجی مظاہرے کریں۔جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ترجمان کے مطابق پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھارتی جنتا پارٹی کی ترجمان کی حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخانہ کلمات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعہ کے دن پرامن احتجاج کیا جائے گا، تمام صوبائی ہیڈ کواٹرز ،ڈویژنز اور اضلاع کی سطح پر مظاہرے ہوں گے،جمعہ کے خطبوں میں ائمہ اور خطبا حضرات حضور علیہ السلام کی ذات اقدس کا ذکر کریں ، مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ بھارتی رہنما کی اس سفاکیت کے خلاف مشرق وسطیٰ کا رد عمل قابل تحسین اور لائق ستائش ہے ، عوام سے اپیل ہے کہ مشرق وسطی کی طرح پاکستانی قوم بھی انڈین مصنوعات کا بائیکاٹ کرے ۔مولانا فضل الرحمن نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)سے اس اہم ایشو پر فوری اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی سخت احتجاج ریکارڈ کرائے ،بھارتی رہنما کی اس انتہا پسندی کو ابھی سے روکنا ہوگا ۔