مزید خبریں

Jamaat e islami

حریت رہنما مصدق عادل آبائی قصبے میں سپرد خاک

سرینگر(صباح نیوز) مقبوضہ جموں و کشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما محمد مصدق عادل پیر کوقصبہ سوپور میں انتقال کر گئے۔مرحوم کافی عرصے سے علیل تھے، محمد مصدق عادل کوسوپور قصبے میں سپردخاک کر دیا گیا ۔ان کی نماز جنازہ سوپور قصبے کی اقبال مارکیٹ میں ہوئی ۔نما ز جنازہ میں حریت رہنمائوں کے علاوہ دیگر سیاسی سماجی اور ہرطبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ، جموں وکشمیر ماس موومنٹ کی چیئرپرسن فریدہ بہن جی کے پولیٹیکل ایڈوائرز محمد یاسین بٹ ، ماس موومنٹ کے سیکرٹری جنرل پرنس محمد سلیم نے بھی نمازجنازہ میں شرکت کی۔فریدہ بہن جی اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے متعددرہنماؤں نے تعزیتی بیان میں محمد مصدق عادل کے انتقال پر دکھ اورافسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ مصدق عادل نے پوری زندگی اپنے کشمیری لوگوں اور ان کے حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کی۔ مرحوم نے قابض بھارتی انتظامیہ کے ہاتھوں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں لیکن ان کے جذبہ حریت میں کبھی کوئی کمی نہیں آئی اور آزادی کے لیے ہمیشہ پرعزم رہے۔انہوں نے مصدق عادل کی مغفرت کے لیے دعا کی اور ان کے اہل خانہ اورعزیزو اقارب سے اظہار تعزیت کیا۔