مزید خبریں

ٹنڈومحمدخان،مہنگائی کیخلاف جئے سندھ محاذ کی بھوک ہڑتال

ٹنڈومحمدخان (نمائندہ جسارت) جئے سندھ محاذ کی مہنگائی ، سندھ میں پانی کی کمی اور بحریہ ٹاؤن منصوبے کیخلاف میونسپل آفس کے سامنے بھوک ہڑتال ، کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق جئے سندھ محاذ کی مرکزی اپیل پر مہنگائی ، سندھ میں پانی کی کمی اور بحریہ ٹاؤن منصوبے کیخلاف ضلعی صدر زاہد جسکانی ، اصغر نوناری ، مختار خاصخیلی ودیگر کی قیاد ت میں میونسپل کمیٹی آفس کے سامنے ایک بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا گیا جس میں کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر رہنماؤں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ہماری بھوک ہڑتال 24 گھنٹے جاری رہے گی ، سندھ میں جان بوجھ کر پانی کی کمی کی جارہی ہے تاکہ سندھ کی زراعت کو تباہ کیا جاسکے ، سندھ میں مہنگائی کی صورتحال دیگر صوبوں سے زیادہ خراب ہے ، لیکن سندھ کے حکمران مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں سنجیدہ نظر نہیں آتے جبکہ سندھ کے حکمرانوں نے کراچی کے قدیمی سندھی دیہاتوں کو ملک ریاض کے ہاتھوں فروخت کر کے بحریہ ٹاؤن منصوبہ قائم کردیا ہے جسے سندھ کے عوام کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ مہنگائی کو کنٹرول کیا جائے ، سندھ کو اس کے حصے کا پانی فراہم کیا جائے اور بحریہ ٹاؤن منصوبے کا فوری طور پر خاتمہ کیا جائے۔