مزید خبریں

اسکولز میں ڈکیتیوں کی وارداتیں انتظامیہ پر سوالیہ نشان ہیں،محمدرفیق چوہان

میرپورخاص(نمائندہ جسارت)دن دہاڑے میرپورخاص کے نجی اسکولز میں ڈکیتیوں کی وارداتیں انتظامیہ پر سوالیہ نشان ہیں۔ ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری پے در پے دو اسکولز پر دھاوا۔ لوٹ مار سے شہری سخت عدم تحفظ کا شکار ہیں عوامی تحفظ اور امن وامان قائم کرنے والے اداروں کی کارکردگی کے حوالے سے عوام میں تشویش ہے۔عوام کے جان ومال کاتحفظ ریاستی اداروں کی اولین ذمے داری ہے۔اعلی حکام فوری نوٹس لیں اور مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کرکے عوام میں تحفظ کا احساس پیدا کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی میرپورخاص محمد رفیق چوہان اور صدر پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی میرپورخاص حاجی نور الہی مغل نے آج شہر میں پرائیویٹ اسکولز میں دن دہاڑے ڈکیتیوں کی وارداتوں پراپنے مشترکہ ردعمل میں کیا۔ جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے مزید کہا کہ بدترین مہنگائی کے باعث عوام ویسے ہی جان بلب ہورہے ہیں ایسے میں عوام کو رہی سہی پونجی سے محروم کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ شہر میں پولیس کا گشت بڑھایا جائے داخلی خارجی راستوں پر پکٹ قائم کی جائے اور مختلف چوکوں اور مارکیٹوں میں پیدل پولیس اہلکار کا گشت اور تعیناتی کو ممکن بنایا جائے۔