مزید خبریں

انتظامیہ نے عوام کو لوٹنے کیلیے منافع خوروں کو کھلا چھوڑ دیا ہے

فیصل آباد(جسارت نیوز )پاکستان ریلوے پریم یونین کے مرکزی چیئرمین ضیا الدین انصاری، صدر شیخ محمدانور،جنرل سیکرٹری خیر محمد تونیو،چیف آرگنائزر خالد محمود چودھری نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ا شیا خورونوش کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے کہاہے کہ ایک طرف بجلی، گیس ، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد عوام کے لیے دووقت کی روٹی اپنے بچوں کوکھلا نا بہت مشکل ہوگیا ہے تو دوسری طرف انتظامیہ نے غریب عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کے لیے منافع خوروں کو کھلا چھوڑ دیا ہے۔ سبزیاں،پھل اور روزمرہ کی اشیائے ضروریہ عوام کی پہنچ سے دور ہوتی جارہی ہیں ۔ ملک کی دوتہائی آبادی سطح غربت سے نیچے زندگی گزار نے پر مجبور ہے ۔ پاکستان کی نصف سے زائد آبادی بے روزگارہو چکی ہے ۔ 25ہزار اوسطاً تنخواہ لینے والے شخص کا گھر کا بنیادی خرچہ 75 ہزاروپے سے تجاوز کر چکا ہے۔یوٹیلیٹی بلز عوام کے لیے موت کے پرزے بن گئے ہیں۔ عوام کو دو وقت کی باعزت روٹی کمانے کے لیے بھی جان کے لالے پڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 22 کروڑ عوام کے لیے چند یوٹیلیٹی اسٹورز اور سستے بازار کوئی ریلیف نہیں دے سکتے ۔ سستے بازاروں کے نام پر عوام سے بدترین مذاق کیا جارہاہے ۔حکمران غریب عوام کو چند روپے کا ریلیف دے کر کر وڑوں روپے اپنی ذاتی تشہیر پر لگا رہے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم دن بدن بڑھتی ہوئی مہنگائی پرفوری نوٹس لیں۔ حکومت پورے ملک میں آٹا ، دالوں ، گھی ، چینی ، چاول ، پیاز ، ٹماٹر کی سستی قیمتیں طے کرے اور مہیا کرنے کے لیے ریاستی وسائل استعمال کرے ۔اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں پچاس فیصد کمی کی جائے۔ بجلی، گیس، پیٹرول پر ٹیکسز ختم کیے جائیں۔روٹی روزی ملے گی تو گھر کا چولہا چلے گا اور قومی معیشت ترقی کرے گی۔