مزید خبریں

اداروں کو مسلسل سیاست میں گھسیٹنا شرمناک اقدام ہے، جاوید قصوری

لاہور (وقائع نگارخصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ مسلسل اداروں کو سیاست میں گھسیٹنا شرمناک اقدام ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے کچھ لوگ ملک کو اندر سے کمزور کرنا چاہتے ہیں عوام میں اداروں کے خلاف نفرت کا پرچار کرکے اپنے سیاسی مفادات حاصل کرنا اور غیر ملکی آقاؤں کو خوش کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے۔ اس کے لیے سب کو افہام و تفہیم کا مظاہر ہ کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل دن بدن بڑھتے چلے جارہے ہیں۔ پیٹرولیم، بجلی کے بعد اب گیس کی قیمتوں میں 40فیصد سے زائد اضافہ کرکے حکمرانوں نے مظالم کی انتہا کردی ہے۔ عوام پریشان ہیں۔ جو بھی بر سر اقتدار آیا ہے وہ نہلے پہ دھلا ہی ثابت ہوا ہے۔ قوم پی ڈی ایم کی قیادت سے سوال کرتی ہے کہ اگر ان کے پاس متبادل ایجنڈا نہیں تھا تو انہوں نے ملک کے اندر سیاسی عدم استحکام کیوں پیدا کیا۔؟ انہوں نے کہاکہ بجلی کا شارٹ فال 6ہزار پانچ سو میگا واٹ سے بڑھ چکا ہے۔ شہروں میں 12 سے 14 گھنٹے ا ور دیہات میں 18گھنٹوں تک بے رحمانہ لو ڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ جبکہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ اجلاس اجلاس کھیل رہے ہیں۔ محض دکھاوے اور ڈنگ ٹپاؤ کے اقدامات سے کچھ نہیں ہوگا۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ایک وفاقی وزیر کی طرف سے یہ کہنا کہ ’’پاکستان میں صرف 20فیصد لوگ پیٹرول اور ڈیزل کا استعمال کرتے ہیں‘‘لاعلمی کی بد ترین مثال ہے۔ پاکستان میں اس وقت رجسٹر گاڑیوں کی تعداد 63لاکھ 17 ہزار 8 سے زائد ہے۔ اس تعداد میں ہر سال 9.6فیصد کے حساب سے اضافہ ہورہا ہے۔ جبکہ 2017ء کی رپورٹ کے مطابق 32.2ملین موٹر سائیکلیں استعمال ہورہی ہیں۔ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت بڑھنے سے ہر چیز کی قیمت کی لاگت میں اضافہ ہوتا ہے اور پاکستان کے 98فیصد لوگ براہ راست متاثر ہوتے ہیں، صرف 2فیصد طبقہ ایسا ہے جس کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔