ٹنڈوالٰہیار(نمائندہ جسارت) عالمی یوم ماحولیات کے موقعے پر الخدمت فاونڈیشن ٹنڈوالٰہیارآرفن کیئر کی جانب سے اور آغوش کے اشتر ک سے آٖغوش سینٹرٹنڈوالٰہیار راشدآباد میں ماحولیا ت و موسمیاتی تبدیلی سلسلے میں ریلی نکالی گئی اور ایک سیمینار بھی منعقد کیا گیا جس کا مقصد شہریوں اور بچوں میں کو ماحولیاتی آلودگی سے بچنے کی آگاہی دینا ہے ۔ریلی کی قیادت متحدہ اتحاد عباسیہ انٹر نیشنل کے مر کزی رابطہ سیکرٹری اور سینئر صحافی عبدالحمید عباسی،ایف ایس او سمیع اللہ یاسین مغل،مس حسین خانزادہ، ریجنل کوآرڈینیٹر نبیل اختر حسان اور تابش کمبو ہ نے آرفن بچوں سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہٹنڈوالٰہیارمیں ماحولیاتی آلودگی کے باعث موسمیاتی تبدیلیاں تیزی سے رونما ہو رہی ہیں، گرمی کی شدت میں اضافہ سب کے سامنے ہے ماحول کو سرسبز و صاف ستھرا رکھ کر نہ صرف انسان موسمیاتی تبدیلیوں سے بچ سکتا ہے بلکہ چرند پرند کو بھی بہتر ماحول کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی ریلی کا مقصد بھی ملک و قوم کے معماروں کو اس دن کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا اور روز بروز بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی کے اسبابِ کو اجاگر کرنا ہے ۔انہوں نے ماحول کو صاف ستھرا بنانے کے مطابق شرکا کو آگاہی فراہم کی اور ماحولیات کی اہمیت پر روشنی ڈالی ماحولیاتی نظام کی بحالی پر زور دیا ماحولیاتی آلودگی جس سے دن بہ دن گرمی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اس کے علاوہ آلودگی کے باعث بہت سی بیماریاں پھیل رہی ہیں ماحولیاتی آلودگی کی ایک بڑی وجہ درختوں کی تیزی سے کٹائی شہر میں کچرے کا جلنا اور کچرے کا مناسب طور پر تلف نہ کرنا بھی کئی بیماریوں کو جنم دے رہا ہے۔ معاشرے کے ہر فرد کی ذمے داری ہے کہ وہ اپنے ارگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھے اور کم از کم ایک درخت ضرور لگائے۔ بعد ازاں سیمینار کے شرکا نے آگاہی واک اور شجر کاری میں حصہ لیا اور پودے بھی لگائے جبکہ دوسری جانب مہمان خصوصی عبدالحمید عباسی اور دیگر نے آغوش سینٹر راشد آباد میں 50سے زائد پودے بھی لگائے۔