مزید خبریں

ون ڈے سیریز،ویسٹ انڈیز کی ٹیم آج اسلام آباد پہنچے گی

ملتان(جسارت نیوز)پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین 8 جون سے شروع ہونے والی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز اولیائے کے شہرملتان میں 14 سال بعد بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کا سبب بنے گی۔ تین میچز کی یہ سیریز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہے۔سیریز میں دونوں ٹیموں سے سنسنی خیز کرکٹ مقابلوں کی توقع ہے تاہم یہ گراؤنڈ اس سے قبل بھی کئی یادگار کرکٹ میچز کی میزبانی کرچکا ہے۔ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلا بین الاقوامی کرکٹ میچ 2001 میں کھیلا گیا تھا۔ اس ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے مہمان بنگلہ دیش کو ایک اننگز اور 264 رنز سے شکست دی تھی۔ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں شرکت کے لیے قومی کرکٹ ٹیم اتوار کو ملتان پہنچی جبکہ مہمان سائیڈ آج بذریعہ اسلام آباد اور پھر ملتان پہنچے گی۔ یہ دوسرا موقع ہوگا کہ جب ویسٹ انڈین اسکواڈ کوئی ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلنے ملتان پہنچے گا۔اس سے قبل دونوں ٹیمیں 13 دسمبر 2006 کو مدمقابل آئیں ، جہاں مارلن سیمیولز نے 91 گیندوں پر 100 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر مہمان ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا تھا۔ ملتان کا خوبصورت کرکٹ اسٹیڈیم اس سے قبل 7 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی میزبانی کرچکاہے، جس میں سے 4 میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی۔ یہاں پہلا ون ڈے انٹرنیشنل ستمبر 2003 میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین کھیلا گیا، جہاں میزبان سائیڈ نے بنگلہ دیش کو 137 رنز سے شکست دی۔ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا آخری ون ڈے انٹرنیشنل بھی انہی دونوں ٹیموں کے مابین کھیلا گیا تھا۔