مزید خبریں

حیدرآباد، ایپکا کا مہنگائی کیخلاف 8 جون کو احتجاج کا اعلان

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) مہنگائی کے خلاف ایپکا پریشر گروپ نے 8جون کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے سامنے احتجاج دھرنے کا اعلان کردیا قافلے7جون سے روانہ ہوں گے ‘بجٹ میں ریلیف نہ دینے کی صورت میں دما دم مست قلندر ہوگا،ایپکا سندھ پریشر گروپ کا اجلاس زبیدہ گرلز کالج حیدرآباد میں صوبائی سرپرست اعلیٰ انور میمن کی زیر صدارت میں ہوا، جس میں آرگنائزنگ کمیٹی ممبران محسن مہندی قریشی،ساجن انصاری،شمشیر پالاری، مظہر سمیجو،سرفراز علی راجپوت،صوبائی پریس ترجمان شاہد سومرو نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایپکا پاکستان کے مرکزی صدر حاجی ارشاد محمد چودھری کی قیادت میں ایپکا 8جون کو اسلام آباد پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے مہنگائی اور بجٹ میں ملازمین کی تنخواہ میں 100 فیصد مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کرنے کے حوالے سے احتجاجی ریلی و دھرنا دیا جائے گا۔ دھرنے میں ایپکا پریشر گروپ کے صوبائی چیف آرگنائزر ولی محمد سومرو کی قیادت میں اسلام آباد پارلیمنٹ ہائوس پر دھرنے میں بھرپور شرکت کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ایپکا سندھ پریشر گروپ کی قیادت کل 7 جون کو اسلام آباد دھرنے میں شرکت کے لیے روانہ ہوگی۔ ایپکا سندھ پریشر گروپ کے رہنماوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جس طریقے سے ایک ہفتے میں 60 روپے پیٹرول میں اضافہ کیا گیا مہنگائی کا طوفان آیا ہے ہر چیز آگ کی طرح جل رہی ہے غریب آدمی کا گزارا مشکل ہو گیا ہے جبکہ حکومت کی جانب سے بجلی، گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرنے سے غریب ملازمین کا جینا دشوار ہو گیا۔ پاکستان کے ملازمین مہنگائی کیخلاف اسلام آباد پہنچ کر ظالم حکمرانوں کے ظلم پر بھرپور احتجاج کریں۔ اگر حکومت نے بجٹ میں ملازمین کو کوئی ریلیف نہ دیا تو دم دما دم مست قلندر ہو گا ۔