مزید خبریں

سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کو گمراہ کیا جارہا ہے،اسمعیل نورانی

حیدرآباد( اسٹاف رپورٹر ) ملک کے ممتاز عالم دین و معروف مذہبی اسکالر علامہ مفتی محمد اسمعیل حسین نورانی نے کہاکہ اللہ اہل ایمان کا دوست اور ولی ہے۔سیکولرز اور لبرلز کا پہلا حملہ ہی اللہ والوں پر ہوتاہے،اسلام نے انسانی خواہشات کی تکمیل کے لیے نکاح کا حکم دیا ہے،ملک میں آزاد خیالی کے نام پر لادینیت پھیلائی جارہی ہے۔انٹرنیٹ کے ذریعے نت نئے فتنے ہمارے گھروں میں داخل ہو گئے ہیں۔سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کو گمراہ کیا جارہا ہے،ان لوگوں کو حج،قربانی،پردہ اور داڑھی سے بڑی تکلیف ہے۔اظہار رائے کی آزادی کی باتیں کرنے والے یہودیت کے خلاف کوء بات برداشت نہیں کرتے،یورپ میں ہولو کاسٹ پر بات کرنا منع ہے، ان کا کام اسلام اور پیغمبر اسلام کے خلاف ہرزہ سرائی کرنا ہے،دین میں زندگی گزارنے، تفریحی اور کھیل کود پر پابندی نہیں،البتہ زندگی بسر کرنے کے آداب سکھاتا ہے،پاکیزہ اور حرام چیز میں فرق بتاتا ہے۔ قرآن عظیم جس کو اندھیرا کہہ چکا یہ اس کو روشنی بتاتے ہیں، یہ کورونا سے بھی زیادہ مہلک اور خطرناک وائرس ہے جس کے مقابلے کی ہمیں تیاری کرنی ہے۔میرا جسم میری مرضی کا نعرہ لگانے والی لبرلز خواتین انسان کو لباس اور حیاء سے آزاد کرانا چاہتی ہیں۔والدین اپنے بچوں کے ذہنوں میں اللہ،رسول کی محبت اور دین اسلام کی وحدانیت پیدا کریں۔وہ جمعیت علماء پاکستان کے صوبائی رہنماء حاجی عبدالحفیظ نورانی قریشی کی رہائش گاہ یونٹ 6 لطیفآباد پر منعقدہ ماہانہ 82 ویں درس حدیث کے سلسلے میں اسلامی معاشرہ میں آزادی کا تصور اور لبرل ازم میں آزادی کا مفہوم کے عنوان پر منعقدہ ایک بڑے اجتماع سے فکر انگیز خطاب کررہے تھے۔