مزید خبریں

عمران خان گرفتار ہوئے تو شدید رد عمل ہوگا،پی ٹی آئی ،مہنگائی کیخلاف ملک گیر احتجاج کا فیصلہ

اسلام آباد (نمائندہ جسارت/آن لائن) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس میں طے پایا کہ قومی اسمبلی رکنیت سے استعفوں کی تصدیق کے عمل کے لیے اسپیکر کے سامنے پیش نہیں ہوں گے۔ پی ٹی آئی نے دوران اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کے گرینڈ ڈائیلاگ کی تجویز مسترد کردی۔اس حوالے سے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم ڈائیلاگ کے حامی ہیں لیکن جس کے پاس مینڈیٹ ہو، اُن سے ہی ڈائیلاگ کیا جاتا ہے انہوں نے سوال اٹھایا کہ پاکستانی قوم پر مسلط کیے گئے لوگوں سے میثاق معیشت پر کیا بات کریں؟ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج، بجٹ کے بعد حکومت مخالف تحریک کا دوسرا مرحلہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پارٹی نے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ تحریک انصاف کے ارکان استعفوں کی تصدیق کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش نہیں ہوں گے‘ ہم اپنے استعفے پیش کرچکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انتخابات کے علاوہ کسی اور آپشن پر مذاکرات نہیں ہوں گے‘ مہنگائی مارچ کا فیصلہ15 جون کے بعد کیا جائے گا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کور کمیٹی نے ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا اور معاشی طور پر تشویش کا اظہار کیا ہے، حکومت نے 8 روپے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں اضافہ کیا‘ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں60 روپے اضافہ کیا اور اب نوید سنا دی گئی ہے گیس کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے‘ آٹا 20 کلو کا تھیلا جو پنجاب پیدا کرتا ہے وہاں 16 سو کا فروخت ہورہا ہے ۔ سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کی دھمکیاں اور غیر سیاسی گفتگو پوری قوم نے سنی‘ رانا ثنا اللہ عمران خان کو گرفتار کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں‘ چیئرمین تحریک انصاف کو گرفتا رکرنے سے بڑی سیاسی حماقت نہیں ہو سکتی‘ گرفتاری پر شدید ردعمل آئے گا‘ پرامن ردعمل کے لیے کارکن ابھی سے منصوبہ بندی کرکے رکھیں۔