مزید خبریں

کشمیر میں ہندویاتریوں کی آمد‘ماحول کو سنگین خطرات لاحق

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بڑی تعداد میں ہندو امرناتھ یاتریوں کی آمد سے علاقے کے نازک ماحول کو سنگین خطرہ لاحق ہے ایک رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ آج جب دنیا بھر میں عالمی یوم ماحولیات منایا جا رہا ہے، نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت مقبوضہ جموں وکشمیر میں 30جون سے 11اگست تک ایک بڑی ہندو امرناتھ یاترا منعقد کر کے خطرات کو نظر انداز کر رہی ہے۔رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ مودی حکومت عالمی یوم ماحولیات کے پیغام کو نظر انداز کر رہی ہے کیونکہ لاکھوں ہندوئوں کو امرناتھ گپھا کی زیارت کی اجازت دینے کا فیصلہ علاقے میں ماحولیاتی تباہی کے مترادف ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ لاکھوں ہندو یاتری جنوبی کشمیر میں امرناتھ گپھا کا دورہ کرتے ہوئے ہمالیہ کے نازک ماحول کو متاثر کر رہے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے ماحول کے لیے نقصان دہ ثابت ہونے کے باوجود بھارت سالانہ بڑی ہندو امرناتھ یاترا کے انعقاد پربضد ہے۔بھارت کو عالمی یوم ماحولیات منانے کا کوئی حق نہیں کیونکہ اس کے بڑے شہر آلودگی کی تباہ کن سطح تک پہنچ چکے ہیں اور اس کا دارالحکومت نئی دہلی دنیا کا آلودہ ترین دارالحکومت ہے۔ رپورٹ میں اس بات پر زور دیا گیاہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں نازک ماحولیاتی توازن کو بچانے کے لیے بھارت پر یاترا کی مدت کے ساتھ ساتھ یاتریوں کی تعدادکو محدود کرنے کے لیے دبا ئوڈالا جانا چاہیے۔