مزید خبریں

خیبرپختونخوا حکومت کا عمران خان ،بشریٰ کو تاریخی پروٹوکول

اسلام آباد (آن لائن/صباح نیوز ) خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے سابق وزیر اعظم و چیرمین تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ کو تاریخی پروٹوکول دیاگیا ۔ ذرائع کے مطابق سابق خاتون اول کی آمد پر وزیر اعلی ہاؤس کو خالی کرایا گیا‘بشری بی بی کی آمد اور روانگی کے وقت وزیر اعلیٰ ہاؤس کے تمام عملے کو باہر بھیج دیاگیا‘ جبکہ سوات کے علاقوں میں لگی آگ بھی عمران خان اور بشری بی بی کے پروٹوکول کی نذر ہوگئی۔ ذرائع کاکہناہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹر سوات کے علاقوں میں آگ بجھانے کے لئے استعمال نہ ہوسکا۔ دوسری جانب سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان 13 روز پشاور میں قیام کے بعد وزیراعلیٰ پختونخوا محمود خان کے ساتھ اتوار کوہیلی کاپٹر کے ذریعے اسلام آباد واپس پہنچ گئے ۔ اس موقع پر بنی گالہ کے اطراف کی سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ۔یاد رہے کہ ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے عمران خان پشاور ہائیکورٹ سے25جون تک راہداری ضمانت حاصل کر چکے ہیں ۔بنی گالہ میں ایک جانب پولیس کی چوکی پر اہلکار ڈیوٹی دے رہے ہیں جبکہ دوسری جانب ایف سی کا چیک پوائنٹ ہے۔ یاد رہے عمران خان ملک میں ہنگامہ آرائی اور وفاق پر مسلح حملوں کے جرائم سمیت دو درجن سے زائد مقدمات میں ملزم نامزد ہیں تاہم انھوں نے پشاور ہائی کورٹ سے 25 جون تک راہداری ضمانت لے رکھی ہے۔