مزید خبریں

خستہ حال بسیں بند کردینگے، ٹرانسپورٹرز جدید بسیں لائیں، شرجیل میمن

کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر اطلاعات،ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ شہر کراچی میں ماس ٹرانزٹ منصوبے مکمل ہونے کے بعد خستہ حال اور پرانی بسیں بند کردیں گے۔ ٹرانسپورٹرز کی نمائندہ تنظیموں کے ساتھ اجلاس میں ان کو یہ بات بتا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کو پیش کش کی ہے کہ وہ شعبہ ٹرانسپورٹ میں سرمایہ کاری کریں اور جدید بسیں لائیں،سندھ حکومت ان کو سبسڈی سمیت ہر سہولت دینے کیلیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کراچی میں ہزاروں کی تعداد میں بسیں لا رہے ہیں3ممالک سے بات چیت ہوئی ہے جس میں چین و ترکی بھی شامل ہے ۔ ان ممالک کی پبلک ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو سندھ میں گاڑیوں کے پلانٹس لگانے کی دعوت دی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ آرکائیوز میں پریس کانفرنس اور صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ گزشتہ روز سندھ پیپلز انٹرا ڈسٹرکٹ بس سروس کی ٹیسٹ ڈرائیو کا آغا ز ہو چکا ، جون کے مہینے میں کراچی میں پیپلز بس سروس باقاعدہ سے شروع کر دی جائے گی۔