مزید خبریں

ملازمین اور انتظامیہ مل کر ریلوے کی ترقی کو یقینی بنائیں‘ نثار احمد خان

ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلویز کوئٹہ ڈویژن نثار احمد خان نے ملازمین کے مسائل کے حل اور صوبے میں ریل کا پہیہ رواں دواں رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی اور محکمہ ریلوے کی تعمیر و ترقی میں خون پسینہ بہانے والا محنت کش ادارے کا اصل سرمایہ ہیں۔ ملازمین کے مسائل و مشکلات سے اچھی طرح آگاہ ہوں، بطور ڈی ایس میری اولین ترجیح میرٹ ہے میرٹ اور انصاف پر مبنی فیصلے کرکے ریلوے کو اپنے پیروں پر کھڑا کریں گے۔ اس مقصد کے لیے ملازمین کا تعاون درکار ہے۔ ملازمین اور انتظامیہ مل کر ریلوے کی ترقی کو یقینی بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے پریم یونین (سی بی اے) کوئتہ ڈویژن کے صدر ارشد یوسفزئی کی قیادت میں ملنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں پریم یونین کوئٹہ ڈویژن کے جنرل سیکرٹری قدرت اللہ وڑائچ، سینئر نائب صدر عبداللہ شاہوانی، آرگنائزر عبدالحکیم خلجی، حاجی پیر جان بلوچ، فتح اللہ کاکڑ، عطاء اللہ بلوچ، عبدالحمید سومرو، محمد سلیم، امجد فاروقی اور دیگر شامل تھے۔ پریم یونین کے وفد نے نثار احمد خان کو ڈی ایس کوئٹہ کا چارج سنبھالنے پر مبارک باد دی اور ملازمین کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گریجویٹی ٹی اے انجینئرنگ اسٹاف کے ایریئر بل کالونی میں صفائی کی ابتر صورت حال پانی کی کمی چھٹیوں کا پرانا نظام بحال کرنے سمیت دیگر مسائل حل کیے جائیں تا کہ ریلوے محنت کش زیادہ محنت اور جانفشانی سے ادارے کے لیے خدمات سرانجام دے سکیں۔ ڈی ایس ریلوے نے یونین کو مطالبات کی منظوری اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر ڈی ایس ریلوے کا چارج سنبھالنے پر نثار احمد خان کو یونین کی جانب سے روایتی پگڑی اور پھول پیش کیے گئے۔