مزید خبریں

اسٹینڈر کیمیکل کے مزدوروں کو بحال کیا جائے ، خالد خان

لانڈھی صنعتی ایریا میں اسٹیڈرڈ کیمیکل فیکٹری کی انتظامیہ نے یک جنبش قلم فیکٹری میں کام کرنے والے 300سے زائد محنت کشوں پر فیکٹری کے دروازے بند کر دیئے اور ملازمین کو نوکریوں سے برطرف کر دیا گیا۔جس پر محنت کش فیکٹری گیٹ پر دھرنا دے کر بیٹھ گئے ۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے صدر خالد خان ،جنرل سیکرٹری محمد قاسم جمال، نیشنل لیبر فیڈریشن کورنگی لانڈھی کے صدر شہادت علی اور ملحقہ یونینز کے ذمہ داران وکارکنان بھی پہنچ گئے اور انہوں نے اسٹینڈرڈ کیمیکل کمپنی کے محنت کشوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے احتجاجی دھرنے میں شرکت کی ۔اس موقع پر نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے صدر خالد خان نے ڈائریکٹر لیبر سندھ ،جوائنٹ لیبر ڈائریکٹر ودیگر ذمہ داران سے رابطہ کیا اور تمام صورتحال سے انہیں آگاہ
کیا جس پرجوائنٹ لیبر ڈائرکٹر نے واقعہ کی انکوائری کے لیے لیبر ٖڈائریکٹر کے افسران کو بھیجا جنہوں نے محنت کشوں اور کمیٹی ذمہ دارا ن سے معلومات حاصل کی اور فیکٹری انتظامیہ سے بھی پوچھ گچھ کی۔نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے صدر خالد خان نے کہا کہ اسٹینڈر کیمیکل کمپنی میں خطرناک کیمیکل سے پلاسٹک کا دیگر سامان تیار کیا جاتا ہے اور فیکٹری میں کسی بھی قسم کے کوئی حفاظتی انتظامات اور سیفٹی قوانین نہیں ہیں، جس کی وجہ سے کئی اموات اور حادثات ہوچکے ہیں ۔فیکٹری میں یونین سازی کی بھی اجازت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل لیبر فیدریشن اسٹینڈر کیمیکل کمپنی کے محنت کشوںکے ساتھ ہے اور ہم ان کے ساتھ کسی بھی قسم کا کوئی ظلم اور زیادتی برداشت نہیں کریں گے۔ فیکٹری انتظامیہ نہ ہی محنت کشوں کو کم ا کم اجرت دے رہی ہے بلکہ 15 ہزار روپے تنخواہ کی مد میں دیے جاتے ہیں۔ فیکٹری میں 15سے20سال سے لوگ یہاں ملازمت کر رہے ہیں لیکن ان کو نہ ہی سوشل سیکورٹی اور نہ ہی ای او بی آئی میں رجسٹر کیاگیا ہے اورنہ فیکٹری کا کارڈاور بھرتی لیٹر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیکٹری مالکان کھلم کھلا لیبر قوانین کنی خلاف ورزیا ںکر رہے ہیں اور محنت کشوں کا استحصال کیا جا رہا ہے ۔انھوں نے کہا کہ اگر ملازمین کو ملازمتوں پر بحال نہیں کیا گیا تو این ایل ایف ان ملازمین کے ساتھ کراچی پریس کلب پر احتجاج کرے گی اور وزیر اعلی ہائوس تک مارچ کیا جائے گا اور حالات کی تمام تر خرابیوں کی ذمہ دار حکومت پر عائد ہوگی۔نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے سیکرٹری محمد قاسم جمال ے کہا کہ این ایل ایف مظلوم محنت کشوں کے ساتھ ہے اور ہم کسی بھی قیمت پر غریب محنت کشوں کے ساتھ ظلم وزیادتی برداشت نہیںکرینگے اورمحنت کشوں کی قانونی رہنمائی فراہم کی جائے گی۔