مزید خبریں

پیٹرول مہنگا ہونے پر قیدیوں کو عدالت لانے کے بجائے بذریعہ وڈیو لنک حاضری لگانے کا حکم

اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کے سبب کفایت شعاری کرتے ہوئے اڈیالہ جیل سے قیدیوں کو کچہری لانے کے بجائے ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری لگانے کا حکم دے دیا جبکہ دن 11 بجے سے ایک بجے تک وڈیو لنک کے ذریعے حاضری کے لیے 5جوڈیشل مجسٹریٹ مقرر کیے گئے ہیں۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد شرقی محمد عطا ربانی کے ماتحت ججز کو جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے پیشِ نظر سرکاری خزانہ بچانے کے لیے تمام جوڈیشل مجسٹریٹس کو انڈر ٹرائل قیدیوں کی حاضری آن لائن وڈیو لنک یا بذریعہ اسکائپ لگانے کی ہدایت کی جاتی ہے۔یہ حکم ان ملزمان کے لیے جاری کیا گیا جن کے چالان ابھی جمع نہیں ہوئے اور کسی ٹھوس کارروائی کے لیے ان کی حاضری جسمانی طور پر درکار نہیں۔حکم نامے میں کہا گیا کہ انہیں(جوڈیشل مجسٹریٹس)کو اس مقصد کے لیے پہلے سے فراہم کردہ انٹرنیٹ اور لیپ ٹاپس استعمال کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ جیسے ہی چالان یا رپورٹ جمع ہوجائے تو ملزمان کو عدالت کے سامنے پیش ہونے کے لیے طلب کیا جاسکتا ہے۔اس کے ساتھ ہی نوٹیفکیشن میں دن 11 بجے سے ایک بجے تک وڈیو لنک کے ذریعے حاضری کے لیے 5جوڈیشل مجسٹریٹ مقرر کیے گئے ہیں۔ایک ہفتے کے دوران ایندھن کی قیمتوں میں60روپے فی لیٹر کے غیر معمولی اضافے کے باعث سرکار پر تنقید کے بعد سے کفایت شعاری کے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ قبل ازیں سندھ اور خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومتوں نے کابینہ کے ارکان، اراکین اسمبلی اور سرکاری افسران کے ایندھن کے کوٹے میں ایک تہائی سے زائد کمی کردی ہے۔