مزید خبریں

ٹنڈو آدم: 12 تا 18 گھنٹے لوڈ شیڈنگ، مظاہرہ و دھرنا

ٹنڈوآدم (نمائندہ جسارت) 12 تا 18 گھنٹے سے زائد بجلی کی لوڈشیڈنگ کیخلاف انجمن تاجران، شیخ لوہار برادری اور جماعت اسلامی کی جانب سے حیسکو کے خلاف احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے جن پر حیسکو کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے خود ساختہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف لوہار مارکیٹ سے ریلی نکالی جو شہر کی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچی جہاں حیسکو افسران کی من مانیوں اور عوام دشمن، مزدور دشمن پالیسیوں کے خلاف دھرنا دیا گیا۔ اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے ضلعی نائب امیر مشتاق احمد عادل، عبدالغفور انصاری، ڈاکٹر صابر علی شیخ ،محمد اقبال شیخ، انجمن تاجران کے صدر محمد اقبال بھٹی نے کہا کہ 12 سے 18 گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے شہریوں کا جینا محال ہوگیا ہے کاروبار تباہ ہوگیا ہے تاجر معاشی بد حالی کا شکار ہو گئے ہیں اور دن بدن بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے اس شدید گرمی میں لوگ سخت پریشان ہیں جبکہ ستم ظریفی یہ ہے کہ من پسند فیڈرز پر لوڈشیڈنگ نہ ہونے کے برابر ہے۔