مزید خبریں

مراکش نے اسرائیلی چینل کو دفتر کھولنے کی اجازت دیدی

رباط (انٹرنیشنل ڈیسک) مراکش نے اسرائیلی ٹی وی چینل کو ملک میں دفتر کھولنے کی اجازت دے دی۔ خبررساں اداروں کے مطابق مراکش کی حکومت نے کہا ہے اسے اسرائیلی ٹی وی چینل کے دفتر کی اجازت دینے پر کوئی شرمندگی نہیںہے۔ اسرائیلی ٹی وی چینل محکمہ اطلاعات و نشریات کی نگرانی میں کام کرے گا۔ حکومت کے ترجمان مصطفی بایتاس نے کہا کہ حکومت مراکش اور اسرائیل کے درمیان طے پانے والے تمام معاہدوں کے ساتھ کھڑی ہے اور حالیہ اقدام تل ابیب کے ساتھ سماجی، اقتصادی اور سیاسی شعبوں میں روابط کو فروغ دینے کا حصہ ہے۔ ادھر مراکش میں انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے فیصلے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ حال ہی میں اسرائیلی فوج نے الجزیرہ ٹی وی چینل کی خاتون صحافی شیرین ابو عاقلہ کو بے دردی کے ساتھ گولیاں مار کر قتل کردیا تھا۔ اس واقعے کے بعد صہیونی ریاست کے کسی چینل کو رباط میں اپنا دفتر قائم کرنے کی اجازت دینے کا کوئی جواز نہیں۔ دوسری جانب امریکی ایوان نمائندگان کی ڈیموکریٹک پارٹی کی رکن رشیدہ طلیب نے ایک درخواست پر دستخط لینے کی مہم شروع کی جس میں امریکی صدر جو بائیڈن سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اسرائیلی شہریوں کو بغیر ویزے کے امریکا میں داخلے کی اجازت دینے کی کوششوں کو منظور نہ کریں۔ پٹیشن پر دستخط کا سلسلہ کل تک جاری رہے گا تاکہ اسے حتمی شکل میں منظور کیا جاسکے۔ واضح رہے کہ اسرائیل نے کئی فلسطین نژاد امریکیوں پر فلسطینی جامعات میں داخلے پر قدغنیں عائد کررکھی ہیں۔