مزید خبریں

پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے سے طوفان آگیا،ہاشم خان ،یاسین بلوچ

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حکومت نے فوری طورپر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو واپس نہ لیا تو آج اتوار 5جون کو اجلاس میں اس ایجنڈے پر غور کیا جائے گا کہ سندھ بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کردیا جائے اور پبلک ٹرانسپورٹ سے تعلق رکھنے والی تمام گاڑیوں کو مختلف شہروں کے سرکاری دفاتر کے سامنے اسٹاپ کردیا جائے ۔ اس بات کااظہار پرائیویٹ ٹرانسپورٹ بس، کوچز، کوسٹر، وین ورکرز یونین کے چیئرمین ہاشم خان اور صدر یاسین بلوچ نے ورکرز اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات میں ایک ہفتے کے دوران دوسرے بڑے اضافے نے مہنگائی کے نہ رکنے والے خطرناک طوفان کو جنم دے دیا ہے جس کے نتیجے میںعوام قیمتوں کا بوجھ اٹھانے کے قابل نہیں رہے ۔ اس صورتحال میں ٹرانسپورٹ سے تعلق رکھنے والے طبقے کا حال سب سے برا ہے، روزانہ کی بنیاد پر بسوں اور دیگر مسافر گاڑیوں میں کنڈیکٹر اور مسافروںکے درمیان بحث ومباحثہ اور بعض صورتوں میں لڑائی جھگڑے کی صورتحال پیدا ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ بات درست ہے کہ ملک کو اس وقت شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ شہباز شریف کا دعویٰ ہے کہ ان کی حکومت معاشی صورتحال کو بہتر کرنے میں کوشاں ہے تاہم یہ حقیقت بھی واضح ہے کہ انہوں نے حکومتی اخراجات میں کمی لانے کا کوئی پلان ترتیب نہیں دیا ، موجودہ صورتحال میں انہیں چاہیے کہ وزیروں، مشیروں، قومی اسمبلی و سینیٹ کے ارکان، ججز حضرات اور بیوروکریٹس کو ملنے و الا مفت پیٹرول فوری بند کریں، نئی گاڑیوں کی خریداری اور دیگر شاہ خرچیوں کو لگام دیں، حکومتی عہدہ نہ ہونے کے باوجود مریم نواز کی سیکورٹی اور جلسوںپر جو رقم خرچ کی جارہی ہے اسے روکیں، انہوں نے کہاکہ حکومت یاد رکھے ملک کو اس نہج پر لانے میں کس نے کیا کردار ادا کیا ہے اگر ان بدکرداروں کو قانون کے کٹہرے میں لاکر کسی عدالت نے سزا نہ دی تو وہ وقت قریب ہے جب ملک کا محروم طبقہ ایسے بدقماشوں کو اپنے ہاتھوں سزا دے گا۔