مزید خبریں

حیدرآباد: حیسکو بجلی کی بلا تعطل فراہمی میں نا کام

حیدرباد(اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(حیسکو) انتظامیہ شہریوں کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور حیدرآباد میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ اور ٹرانسفارمرز کی خرابی کے باعث کئی کئی روزرہائشی علاقوں میں بجلی کی بندش پر حیسکوانتظامیہ کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر احتجاج کا سلسلہ جاری ہے لیکن بجلی کے حوالے سے شہریوں کے مسائل حل ہونے کے بجائے اُن میں مزید اضافہ ہوگیاہے اور شہری انصاف کے لیے سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہیں جبکہ خراب ہونے والے ٹرانسفارمرز کو حیسکو عملے نے کمائی کا ذریعہ بنالیا ہے اور خراب ٹرانسفارمروں کی درستگی کے نام پر شہریوں سے ہزاروں روپے طلب کیے جا رہے ہیں۔ گزشتہ روز بھی حیدرآباد کے علاقہ مرزا پاڑاکے سیکڑوں مکینوں نے 5روز سے بجلی کی بندش اور حیسکو پریٹ آباد سب ڈویژن کی جانب سے خراب ٹرانسفارمر تبدیل نہ کیے جانے کے خلاف سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا اور حیسکو انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے مرزا پاڑا ریلوے پھاٹک کے قریب دھرنا دے کر آمد و رفت بند کردی ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقے کا ٹرانسفارمر گزشتہ 5روز سے خراب ہے جس کی تبدیلی کے لیے حیسکو پریٹ آباد سب دویژن کا عملہ بھاری رشوت طلب کر رہاہے اور بجلی نہ ہونے کے سبب جہاں علاقہ میں پینے کے پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے وہاں سخت گرمی میں بچے ،بزرگ اورخواتین گھروں میں اذیت سے دوچار ہیں،مظاہرین کا کہنا تھاگرمی اور حبس کے اس موسم میں دن ہو یارات کئی کئی گھنٹے لوڈشیڈنگ سمیت خراب ٹرانسفارمر کی وجہ سے کئی کئی روز بجلی کی بندش معمول بن گیا ہے ۔مظاہرین نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا کہ خراب ٹرانسفارمرزفوری تبدیل کرکے بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اورخراب ٹرانسفامرز کی درستگی کے لیے بھاری رشوت طلب کرنے والے حیسکوپریٹ آباد عملے کے خلاف کارروائی کی جائے ۔