مزید خبریں

حیدرآباد: عوامی ورکرز پارٹی کا مہنگائی کیخلاف مظاہرہ

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) عوامی ورکرز پارٹی کی جانب سے ملک میں ہونے والی مہنگائی کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے دریا خان چانڈیو‘ مبارک جتوئی‘ کامریڈ جاوید راجپر‘ کامریڈ ضیاء بھٹی ودیگر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مقررین نے کہاکہ ملک میں صرف چہرے تبدیل ہوتے ہیں پالیسیاں وہی سامراجی اداروں‘ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی چل رہی ہیں انہوںنے کہاکہ ملک کے نام نہاد منتخب نمائندے اور اشرافیہ ہمارے ملازم ہیں گزشتہ 75سال سے آمریت ہو یا نام نہاد جمہوریت جو بھی اقتدا ر میں آیا اس نے عوام کو عالمی سرمایہ دارانہ نظام کی غلامی میں دیا انہوںنے کہاکہ 2018ء میں عمران نیازی کی حکومت آئی اس نے آئی ایم ایف کی غلامی کی تمام حدیں پار کردیں سرکاری اداروں کو اور آخر میں اسٹیٹ بینک کو گروی رکھ دیا جس کے نتیجے میں مہنگائی ‘ بے روز گاری کا طوفان آیا جو عام لوگوں کی زندگی کے لیے عذاب بن گیا۔انہوں نے کہاکہ اب شہباز شریف اور زرداری کی مشترکہ حکومت عمران خان کا ریکارڈ بھی توڑنے میں لگی ہوئی ہے مسلسل پیٹرول ‘ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا آنے والا طوفان اب غریت کے بجائے غریب ختم کردے گا۔ انہوںنے کہاکہ مسلسل آسمان سے باتیں کرتی قیمتیں عوام دشمنی ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئی ایم ایف سے تمام معاہدے ختم کرکے پیٹرول‘ ڈیزل کی قیمتوں میں کئے گئے اضافہ واپس لیاجائے امراء پر ٹیکس لگایاجائے‘ حکمرانوں کی شاہ خرچی بند کی جائیں اور غریب کو ریلیف دیاجائے ۔