مزید خبریں

بھارتی فوج کی کارروائی، ایک اورکشمیری نوجوان شہید

سری نگر (اے پی پی)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںو کشمیر میں بھارتی فوجیو ں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں میں گزشتہ33برس کے دوران 910کشمیری بچوں کو شہید کیا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے شعبہ تحقیق کی طرف سے’’جارحیت کا شکار بے گناہ بچوں کے عالمی دن‘‘کے موقع پر ہفتے کو جاری کی گئی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے یکم جنوری 1989ء سے اب تک شہیدکیے جانے والے 96ہزار54کشمیریوں میں 910 بچے بھی شامل ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس عرصے کے دوران فوجیوں کے ہاتھوں شہریوں کے قتل کے نتیجے میں علاقے میں 1لاکھ 7ہزار 8سو60 بچے یتیم ہوئے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ 19سال سے کم عمر لڑکوں اور لڑکیوں کی ایک بڑی تعداد کالے قوانین کے تحت مقبوضہ علاقے کی مختلف جیلوں میں بند ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2016ء سے اب تک بھارتی فوجیوں کی طرف سے فائر کیے گئے پیلٹ لگنے کے نتیجے میں طلبہ سمیت بیسیوں کم عمر لڑکے اورلڑکیاں زخمی ہوئیں جن میں سے درجنوں بصارت سے محروم ہوگئے۔دریں اثنا بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں ضلع اسلام آباد کے علاقے رشی پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران ایک کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔ نوجوان کی لاش ناقابل شناخت تھی جو ایک گھر کے ملبے سے برآمدکی گئی جس کو فوجیوں نے کیمیائی مواد استعمال کرکے تباہ کردیاتھا۔