مزید خبریں

منی لانڈرنگ کیس،ایف آئی اے نے شہباز اور حمزہ کی گرفتاری مانگ لی

لاہور (نمائندہ جسارت/صباح نیوز) العربیہ اور رمضان شوگر ملز کے حوالے سے منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے نے لاہور کی اسپیشل سینٹرل عدالت سے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی گرفتاری کی اجازت مانگ لی۔ فاضل جج اعجاز حسن اعوان نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر16 ملزمان کے خلاف 25 ارب کے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی۔ ہفتے کو دونوں اپنی عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری مکمل کرائی۔ ایف آئی اے کی طرف اسپیشل پراسیکیوٹر فاروق باجوہ پیش ہوئے۔عدالتی حکم پر ایف آئی اے نے محمد شہباز شریف، حمزہ شہباز و دیگر کے خلاف ضمنی چالان عدالت میں جمع کرا دیا جس میں 3 تبدیلیاں کی گئیں‘ چالان میں ملزمان کی ولدیت اور مکمل ایڈریس تحریر کیے گئے اور سلیمان شہباز کے شریک ملزم شبر کی وفات کی تصدیق کی گئی‘ چالان میں تفتیش اور گواہوں کو تبدیل نہیں کیا گیا۔ دوران سماعت ایف آئی اے نے محمد شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی گرفتاری کی اجازت مانگ لی۔ ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ دونوں ملزمان تفتیشی عمل میں پیش نہیں ہو رہے‘ دونوں کی گرفتاری مطلوب ہے، لہٰذا استدعا ہے کہ عبوری ضمانتوں میں توسیع نہ دی جائے۔ حمزہ شہباز کے وکیل امجد پرویز نے عبوری ضمانتوں کی توثیق کے لیے اپنے دلائل میں کہا کہ ڈیڑھ سال تک تحقیقات کی گئیں‘ ایف آئی اے کوئی شواہد ریکارڈ پر نہ لا سکی‘ پچھلے دور میں بدترین سیاسی انجینئرنگ کی گئی‘ باپ بیٹا جب جیل میں تھے تو ایف آئی اے نے دونوں کو شامل تفتیش کیا‘ گزشتہ دور میں اپوزیشن لیڈرز کو دبانے کے لیے حکومتی مشینری کو استعمال کیا گیا۔ بعدازاں عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد ایف آئی اے کی ضمانت میں توسیع نہ دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے محمد شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں 11 جون تک توسیع دی اورعدالت نے ملزمان کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیا۔ علاوہ ازیں لاہور کی احتساب عدالت میں نیب ریفرنسز میں وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے حاضری سے مستقل استثنا کی درخواست دائر کردی گئی۔ ہفتے کو شہباز شریف، وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف اور دیگر کے خلاف عدالت میں آشیانہ اقبال ہائوسنگ پروجیکٹ ریفرنس، رمضان شوگر ملز ریفرنس اور منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ وزیر اعظم عدالت میں پیش ہوئے۔ شہباز شریف کی مستقل حاضری سے استثنا کی درخواست پر عدالت نے وکلا کو بحث کے لیے طلب کر لیا ۔ عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس پر سماعت 15جون تک ملتوی کردی۔ جبکہ عدالت نے آشیانہ اقبال ہائوسنگ پروجیکٹ ریفرنس اور رمضان شوگر ملز کیس میں نیب کے گواہوں کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کرتے ہوئے سماعت 20 جون تک ملتوی کردی۔ سیشن کورٹ میں ڈاکٹر یاسمین راشد نے شہباز شریف، حمزہ شہباز، رانا ثنا اللہ سمیت دیگر کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کردی،درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ 25 مئی کو پولیس اہلکاروں نے نامزد فریقین کی ایما پر مجھے جان سے مارنے کی نیت سے حملہ کیا‘ مجھے، میری ہمشیرہ اور بیٹی کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ عدالت مذکورہ نامزد افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔ تحریک انصاف کے رہنما علی نواز اعوان نے وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ ترکی کے موقع پر اخبارات کو تشہیری اشتہارات دینے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی جس میں شہباز شریف اور دیگر فریقین سے رقم وصول کرکے قانونی کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔