مزید خبریں

مریم اورنگزیب کا عمران خان کو چپ کر کے بیٹھنے اور 2023 تک انتظار کا مشورہ

 

 

اسلام آباد (آن لائن )وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کو چپ کر کے بیٹھنے اور 2023 تک انتظار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب شہباز شریف کی کارکردگی سے ڈرتے ہیں ۔دیر میں چیئرمین تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا عمران صاحب کو پتا ہے کہ شہباز شریف اسی محنت اورتوجہ سے کام کرتے رہے تو مہنگائی کم ہوجائے گی ۔عمران صاحب کو پتا ہے کہ شہباز شریف معیشت ٹھیک کر دیں گے۔عمران صاحب کو پتا ہے کہ شہباز شریف تمام ممالک سے پاکستان کے بگاڑے گئے تعلقات بھی ٹھیک کر لیں گے۔عمران صاحب کو یقین ہے کہ شہبازشریف کو کام کرنے دیا تو پاکستان میں سرمایہ کاری واپس لے آئینگے۔شہباز شریف، ان شاء اللہ، نوجوانوں کو روزگار دیں گے۔انہوں نے کہا احتساب ،ریاست مدینہ ،سازش کے بیانیے دفن ہونے کے بعد عمران صاحب کا نیا بیانیہ ڈیڑھ ماہ کی کارکردگی بن گیا ہے ۔اپنی نالائقی، نااہلی ، کرپشن اور سیاسی منافقت کا چہرہ آئینے میں دیکھیں اور پھر تقریر کیا کریں۔چْپ کر کے گھر بیٹھیں اور 2023 میں مزید مسترد ہونے کا انتظار کریں۔انہوں نے کہا شہباز شریف آپ کی تباہ کی ہوئی معیشت سنبھالیں گے اور آپ کے پھیلائے ہوئے فتنے کا بھی خاتمہ کریں گے۔ 2014 میں کنٹینر پر بھی نواز شریف، شہباز شریف حکومت میں بھی نواز شریف، شہباز شریف ، اب پھر کنٹینر پہ نواز شریف، شہباز شریف۔ شہباز شریف آپ کی تباہ کی ہوئی معیشت کو ٹھیک کر رہے ہیں۔ آپ کی لگائی مہنگائی ،بے روزگاری اور معاشی تباہی کی آگ شہبازشریف بجھا رہے ہیں۔