مزید خبریں

سندھ پولیس نے دعا زہرا کی بازیابی کیلیے وفاق سے مدد طلب کرلی

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ پولیس نے دعا زہرا کی بازیابی کے لیے وفاق سے مدد طلب کرلی۔دعا زہرا کیس میں سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد سندھ پولیس نے لڑکی کی بازیابی کے لیے کوششیں تیز کردیں۔اس حوالے سے جاری خط میں لکھا گیا کہ وفاق دعا زہرا کی بازیابی کے لیے پنجاب، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے آئی جیز کو سندھ پولیس سے تعاون اور معاونت کی ہدایت کرے ۔ سندھ ہائیکورٹ نے دعا زہرا کو 10 جون کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔علاوہ ازیںکراچی سے مبینہ طور پر لاپتا ہونے والی دعا زہرا کی والدہ نے کہا ہے کہ جس دن سے ان کی بیٹی گھر سے گئی ہے، انہوں نے بیٹی کی الماری کھول کر نہیں دیکھی۔دعا زہرا کی والدہ نے ظہیر احمد کے اہلخانہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے واسطے میری بیٹی کو چھوڑ دیں،ہم کہیں دور چلے جائیں گے، آپ کو کچھ نہیں کہیں گے، ہم بہت اذیت میں ہیں، ایک ماں کی بددعا نہیں لیں، ہمیں ہماری بچی واپس دے دیں۔واضح رہے کہ دعا زہرہ اور اس کے شوہر ظہیر کے سیالکوٹ میں ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔