مزید خبریں

سٹی کورٹ میں کشیدگی برقرار،عدالتی امور ٹھپ ہوگئے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی سٹی کورٹ میں وکلا اور عملے میں تنازع کے معاملے پر وکلا کی جانب سے ہڑتال کی گئی تمام اضلاع میں عدالتی سرگرمیاں معطل رہیں، وکلا نے سٹی کورٹ کے تمام دروازے بند کر دیے ، عدالتی عملے اور سائلین کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی ، وکلا نے گزشتہ دنوں سیشن جج ضلع شرقی کیخلاف بطور احتجاج سٹی کورٹ میں تالا بندی کی تھی ، عدالتی عملے نے وکلا کے رویے اور سٹی کورٹ کی تالابندی کیخلاف احتجاج کیا تھا۔ ادھر سندھ بارکونسل کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس میںوکیلوں اور عدالتی عملے کے مابین تنازع کی عدالتی انکوائری کامطالبہ کردیا۔ وائس چیئرمین سندھ بار کونسل ذوالفقار جلبانی کاکہناتھا کہ سیشن جج شرقی نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا ،تاریخ میں پہلی بار سیشن ججز سے بار ایسوسی ایشن کے خلاف قرارداد پاس کرائی ،ملازمین پر دبائو ڈال کر تنازع میں اضافہ کیا ،عملہ کو وکلا کے خلاف بھڑکایا، باہر سے غنڈوں کو بلا کر حملہ کرایا، ہم نے رجسٹرار کے ذریعے چیف جسٹس کو مصالحت کے لیے پیغام بھجوایا ،مثبت جواب نہ ملنے پر ہڑتال کا اعلان کیا۔انہوںنے کہا کہ وڈیوز موجود ہیں، حملہ آوروںکے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔انہوںنے کہا کہ پیر 6 جون کو ہڑتال کی کال نہیں دی گئی، لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔