مزید خبریں

اسلامی نظریاتی کونسل کے مراسلے کا خیر مقدم کرتے ہیں‘ فرید پراچہ

لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز کی طرف سے وزارت خزانہ، گورنر اسٹیٹ بینک اور دیگربینکوں کے صدور کو بھیجے جانے والے مراسلے جس میں انھوںنے ملکی معیشت کو سود سے پاک کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں کا خیرمقدم کیا ہے۔ منصورہ سے جاری بیان میں انھوں نے کہا کہ وفاقی شریعت عدالت کے فیصلے کے بعد اسلامی نظریاتی کونسل کی طرف سے ربا کے خاتمے کی ہدایات سے حکومت پر مزید لازم ہو گیا ہے کہ وہ آئین پاکستان کی روشنی میں ملکی معیشت کو اسلامی خطوط پر ڈھالنے کے لیے فوری اقدامات کا آغاز کرے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پہلے ہی حکومت اور بینکوں کو کہا ہے کہ وہ عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور ظالمانہ سودی سرمایہ دارانہ نظام سے قوم کو نجات دلائیں۔ انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر قبلہ ایاز نے اپنے مراسلے میں حکومت اور بینکوں پر زور دیا ہے کہ وہ وفاقی شریعت عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل میں نہ جائیں اور اس کے ساتھ ساتھ انھوں نے حکومت کو معیشت کو سود سے آزاد کرنے کے لیے اسلامی نظریاتی کونسل کی مکمل معاونت اور مشاورت کا یقین بھی دلایا ہے۔ ڈاکٹرفرید پراچہ نے کہا کہ جماعت اسلامی بھی معیشت کو اسلامی خطوط پر استوار کرنے کے لیے حکومت سے مکمل تعاون کے لیے تیار ہے۔