مزید خبریں

ماجو میں میرٹ ایوارڈ تقریب،والدین کو خراج تحسین پیش

کراچی (اسٹاف رپورٹر) محمد علی جناح یونیورسٹی میںمیرٹ ایوارڈتقریب میں طلبہ کے والدین اور دادا،دادی کو خراج تحسین پیش کیاگیا جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں ایوارڈز تقسیم کیے گئے۔ اس منفرد تقریب کی مہمان خصوصی اروڑ یونیورسٹی آف آرٹ آرکیٹیکچرڈیزائن اور ہیریٹیج کی وی سی انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین تھیں تاہم انہوںنے اور وی سی ماجو ڈاکٹر زبیر شیخ نے والدین کو ہی مہمان خصوصی قرار دیا۔طلبہ نے کھڑے ہوکر اساتذہ اور والدین کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے احسانات کا اعتراف کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر ثمرین نے کہا کہ میرٹ کا مطلب’’ماسٹری، ایکسپرٹیز، ریزلینس،اینٹیلجنس اور ٹیلنٹ ہے مگر ان سب کی کامیابی ’’ریزلینس‘‘ یعنی لچک میں ہے۔اپنی زندگی میں لچک پید ا کریں،لچکدار رویہ رکھنے سے ہی آپ کے تجربے اور مہارت سب کام آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی کامیابی پر والدین زیادہ خوش ہوتے ہیں،ان کی قدر کریں۔میں یہاں سب سے زیادہ والدین کو مبارک باد دیتی ہوں۔ ڈاکٹرثمرین کا طلبہ سے کہنا تھا کہ یہ ابتدا ہے اپنی سوچ بلند رکھیں اور کبھی نہ گھبرائیں کہ ہم نے یہ سوچا اور وہاں تک نہ پہنچ سکے کیونکہ کوشش اور محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی ممکن ہے جو آپ نے سوچا ہو وہاں تک نہ پہنچ سکیں لیکن فائدہ ضرورہوگا۔گھڑی دیکھ کر کام نہیں کریں بلکہ زیادہ کام کریں۔ میں نے 19،19گھنٹے کام کیا۔اپنے کام کو اسمارٹ کریں اور ٹیکنالوجی کا استعمال کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے نوجوان پوری دنیا میں بہت کامیاب ہیں، نجانے کیوں ہم یہاں رک جاتے ہیں ،جس دن ہم بدل گئے سب بدل جائے گا۔محمد علی جناح یونیورسٹی مبارک بادکی مستحق ہے کہ وہ طلبہ کو ہر قدم پر شاباش دے رہی ہے۔