مزید خبریں

کے الیکٹرک کو گیس کی فراہمی کم کرنے کا اشارہ ,، کراچی میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 17 گھنٹے تک پہنچنے کا خدشہ

کراچی /اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر /صباح نیوز) سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی) نے کے الیکٹرک کو گیس کی فراہمی کم کرنے کا اشارہ دے دیا جس کے بعد کراچی میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھ کر 17 گھنٹے تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔ ایس ایس جی سی کے مطابق کے الیکٹرک 2 ارب 46 کروڑ کا پہلے ہی نادہندہ تھا اور3 جون کو 8 ارب 6 کروڑ روپے کی ایک اور ادائیگی واجب ادا ہوگئی۔ ایس ایس جی سی حکام کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کا ڈیفالٹ برقرار رہتا ہے تو گیس سپلائی کم کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہوگا‘ ایس ایس جی سی 100 فیصد آر ایل این جی کے ای کو منتقل کر رہا ہے۔دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ گیس کی قیمت 5 گنا بڑھنے سے ادائیگی میں مشکلات کا سامنا ہے‘ اس وقت آرایل این جی سے 500 میگاواٹ بجلی بنائی جا رہی ہے‘ آر ایل این جی کی سپلائی رکتی ہے تو 500 میگاواٹ بجلی کی کمی کا سامنا ہوگا اور لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھ کر 17 گھنٹے تک پہنچ جائے گا۔ کے الیکٹرک کا کہنا تھاکہ انڈسٹریل ایریاز میں بھی لوڈ شیڈنگ کرنا پڑے گی‘ ٹیرف ڈیفرینشیئل کلیم کی مد میں حکومت پر 25 ارب روپے واجب الادا ہیں اور وزیر اعلیٰ سندھ سمیت اعلیٰ حکام کو صورتحال سے آگاہ کرچکے ہیں۔ خیال رہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے اور کئی علاقوں میں گھنٹوں گھنٹوں بجلی غائب رہتی ہے۔ علاوہ ازیں ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 865 میگاواٹ تک پہنچ گیا۔ ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق ملک بھر میں بجلی کی مجموعی پیداوار 19 ہزار 135میگاواٹ ہے اور طلب 26 ہزار میگاواٹ ہے۔ ذرائع کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں 14 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ آئیسکو کو 550 میگاواٹ شارٹ فال کا سامنا ہے اور اسلام آباد ریجن میں 8 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔ پاور ڈویژن کے مطابق لاسز والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ زیادہ ہے۔