مزید خبریں

پی ٹی آئی کا عمران خان کی سیکورٹی ہٹانے کا دعویٰ۔ حکومت کی تردید

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے دعویٰ کیا ہے کہ پارٹی چیئرمین عمران خان کی سیکورٹی واپس لے لی گئی ہے۔پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دعویٰ کیا کہ عمران خان کو اسلام آباد پولیس کی طرف سے دی گئی سیکورٹی واپس لے لی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے تمام اہلکاروں کو گزشتہ شام واپس بلا لیا گیا ہے۔شہباز گل نے کہا کہ ایک طرف مجرمہ کو وزیر اعظم کے برابر سیکورٹی دی جا رہی ہے تو دوسری طرف امت مسلمہ کے لیڈر سے سیکورٹی واپس لے لی گئی۔یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی جان کو خطرے کے باعث چند روز قبل ان کی سیکورٹی بڑھانے کی سفارش کی گئی تھی، اس حوالے سے ایس ایس پی سیکورٹی نے اعلیٰ حکام اور متعلقہ اداروں کو مراسلے میں آگاہ کیا کہ انٹیلی جنس ایجنسی نے بتایا ہے عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، اس لیے فوری سیکورٹی کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی سیکورٹی بڑھانے کے لیے ایس ایس پی سیکورٹی نے مراسلہ جاری کیا،، اس حوالے سے آئی جی اسلام آباد نے وزیرداخلہ اور سیکرٹری داخلہ سے فون پر رابطہ بھی کیا گیا، جس میں مراسلے سے متعلق بتایا گیا کہ انٹیلی جنس ایجنسی نے بتایا کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، عمران خان کی سیکورٹی کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں، مراسلہ سابق وزیراعظم عمران خان کی ذاتی سیکورٹی کو بھی بھیجا گیا۔علاوہ ازیں اسلام آباد پولیس نے سابق وزیراعظم عمران خان کے وفاقی دارالحکومت سے مسلسل باہر ہونے کی وجہ سے اسلام آباد پولیس کی سیکورٹی ہٹائی۔اس ضمن میں آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان سے جب استفسار کیا گیا تو انہوں نے کہا ہر شخص کو قانون کے مطابق تحفظ فراہم کیا جاتا ہے۔سابق وزیراعظم 19 مقدمات میں مطلوب ہیں۔اسلام آباد پولیس سابق وزیراعظم کو اپنی حدود میں وی آئی پی سیکورٹی فراہم کرتی رہی ہے،جب وہ اسلام آباد آئیں گے تو ضرورت کے مطابق سیکورٹی فراہم کی جائے گی ویسے تو ہمارے اہلکار ان کے ساتھ کے پی میں بھی موجود ہیں۔وفاقی حکومت نے سابق وزیراعظم کے ساتھ صوبوں کی پولیس کی موجودگی کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی۔