مزید خبریں

وزیراعظم‘ وزیراعلیٰ پنجاب اور وفاقی وزیر داخلہ کیخلاف کارروائی کا حکم

لاہور،اسلام آباد(نمائندہ جسارت،خبر ایجنسیاں) لاہورکی ماتحت عدالت نے تحریک انصاف کے 25 مئی کو ہونے والے لانگ مارچ کے دوران وکلا ء پرتشدد پروزیراعظم شہباز شریف ، وزیراعلیٰ حمزہ شہبازاوروزیرداخلہ رانا ثنا اللہ سمیت دیگر کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ ایڈیشل سیشن جج لاہورشہباز احمد کھگا کی عدالت میں پاکستان تحریک انصاف کے25 مئی کو ہونے والے لانگ مارچ کے دوران وکلا ء پرتشدد سے متعلق درخواست پرسماعت ہوئی۔ عدالت نے اپنے تحریری حکم نامے میں متعلقہ ایس ایچ او کو درخواست گزار کا بیان ریکارڈ کرنے کا کہا ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف، وزیراعلیٰ حمزہ شہبازاوروفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔اس سے قبل لاہور ہی کے ایڈیشنل سیشن جج ملک مدثرعمربودلہ نے بھی متعلقہ تھانے کے ایس ایچ اوکووزیرداخلہ رانا ثناء اللہ اور پولیس افسران کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا۔قبل ازیںلاہور کی سیشن عدالت نے لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ ،پولیس اہلکاروں پر تشدد اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں درج مقدمے میں تحریک انصاف کے رہنمائوں مسرت جمشید چیمہ، جمشید اقبال چیمہ ،سابق وزیراعظم عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کی عبوری ضمانت میں 14 جون تک توسیع کردی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر پولیس سے مقدمہ کا چالان طلب کرلیا۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد بلال بیگ نے عبوری ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت کی۔ ہفتہ کو سماعت پر تحریک انصاف پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ،مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ ،سابق وزیراعظم عمران خان کے بھانجے حسان نیازی اپنے وکلا کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت کو بتایا گیا کہ پولیس کی جانب سے رپورٹ جمع نہیں کروائی،عدالت نے پولیس کو رپورٹ جمع کروانے کا حکم دے دیا۔دوسری جانب احتجاجی لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑکرنے پردرج کیے گئے مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے چار رہنماؤں نے اسلام آباد کی مقامی عدالت سے عبوری ضمانت کروا لی ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آبادنے پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر ، صداقت عباسی ، راجہ خرم اورعلی نوازاعوان کی 20جون تک عبوری ضمانتیں منظورکرلی ہیں ، چاروںرہنما ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کامران بشارت مفتی کی عدالت میں پیش ہوئے ،عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی 5 پانچ پانچ ہزار کے ضمانتی مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور کی ۔ یاد رہے اسد عمر اور دیگر رہنماؤں کے خلاف تھانہ آئی نائن میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی ، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 20 جون تک ملتوی کر دی ہے۔