باڈہ، سکھر (نمائندگان جسارت) پیٹرول ڈیزل اور دیگر اشیا کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف چنگ چی رکشا ڈرائیورز اور شہری باڈہ رائس کینال پل پر نکل آئے۔ امپورٹڈ حکومت اور منافع خور بیوپاریوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ اس موقعے پر تیز دھوپ میں احتجاجی مظاہرے کے شرکا اکرم کلہوڑو، منور مغیری، دودو دیشی، نورالدین ساریو، آصف عباسی، منور علی نوناری اور جلال فقیر ساریو و دیگر نے میڈیا کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے ملک میں مہنگائی کرکے تبدیلی حکومت کے سارے ریکارڈ توڑدیے ہیں، ایک ہی ہفتے میں دو مرتبہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کی قمر توڑی گئی ہے اور ملک کے اوپر مہنگائی کا بم گرادیا گیا ہے نتیجے میں دیگر ضروری اشیا کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔ مزید انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت کے خلاف تنقید کرنے والی نواز لیگ نے عوام پر جو مہنگائی کے پہاڑ کھڑے کیے ہیں ان سے عوام میں بے چینی کی لہر پھیل گئی ہے۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ہفتے میں پیٹرولیم مصنوعات میں قیمتوں کے بھاری اضافے نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔ تبدیلی حکومت نے نئے پاکستان کا سرسبز خواب دکھا کر غریب عوام کا خون چوس لیا تھا عمران خان پر مہنگائی کے خلاف تنقید کرنے والے شہباز شریف نے بھی عوام کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، پیٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں یکدم اتنے اضافے نے مزدوروں سے جینے کے حقوق چھین لیے ہیں مزدور طبقہ دو وقت کی روٹی کے حصول کے لیے بھی سخت پریشانیوں کا سامنا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف بڑھتی مہنگائی اور دوسری جانب بیروزگاری نے عوام کو خودکشی کرنے پر مجبور کردیا ہے۔ مہنگائی کی وجہ سے لوگ اپنے معصوم بچے فروخت کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ مزدور کی یومیہ 5 سو جبکہ گیھی کی لیٹر والی تھیلی 6 سو روپے ہونے کی وجہ سے غریبوں کے گھروں کے چولھے بجھے ہوئے ہیں اور گھروں میں فاقے پڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول ڈیزل سمیت روزہ مرہ استعمال ہونے والی اشیا کی قیمتوں میں کمی کرکے غریب عوام کو ریلیف فراہم کریں نہیں تو احتجاج کا دائرہ بڑھا دیا جائے گا۔ احتجاجی مظاہرے کی وجہ سے باڈہ سے لاڑکانہ نصیرآباد اور رادھن جانے والی تمام گاڑیاں رک گئیں اور ٹریفک کا نظام دو گھنٹے تک درہم برہم رہا۔دوسری جانب روہڑی میں چنگ چی لوڈررکشا یونین کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج ،کندھرا خیرپور لنک روڈ بلاک کردیا ،حکومت کے خلاف نعرے بازی ،حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30۔روہے لیٹر اضافے کے خلاف. چنگ چی لوڈر رکشا یونین کی جانب سے ڈرائیوروں نے کندھرا خیرپور لنک روڈ پر احتجاج کیا اور روڈ پر ٹریفک کی آمدورفت معطل کرکے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمران سابق حکومت کے خلاف مہنگائی مارچ کررہے تھے لیکن یہ تو خود سابق حکمرانوں سے بڑھ کر نکلے ہیں انہوں نے صرف ایک ہفتے میں پیٹرول کی قیمت 60 روپے بڑھاکر عوام کے ساتھ ظلم کیا ہے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے حکمران یا امیر لوگ تو نہیں غریب طبقہ متاثر ہوتا ہے اس لیے ان کو عوام کی فکر نہیں حالیہ اضافے سے عوام پر ان کا عرصہ حیات تنگ ہوجائے گا ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ واپس لے کر عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے اقدامات کیے جائیں۔