مزید خبریں

انجینئرز کا صنعتوں کو متحرک رکھنے میں اہم کردارہے ، نجیب ہارون

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) انڈسٹریل انجینئرنگ اینڈ الیکٹرانکس انڈسٹری کی سب سے بڑی اور اہم نمائش آئی ای ای ای پی فیئر 2022 کراچی ایکسپو سینٹر میں 30 اگست سے شروع ہوگی۔ تین روزہ نمائش کی تعارفی تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان انجینئرنگ کونسل کے چیئرمین نجیب ہارون تقریب نے 30اگست تا یکم ستمبر تک نمائش کے انعقاد کا باضابطہ اعلان کیا۔ آئی ای ای ای پی فیئر میں انجینئرنگ کے شعبہ میں جدید ٹیکنالوجی اور نئے رجحانات اجاگر کرنے کے ساتھ توانائی کی قلت اور مہنگی بجلی کے چیلنج سے نمٹنے میں مدد دینے والے جدید اور سستے سلوشنز بھی پیش کیے جائیں گے۔تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نجیب ہارون نے کہا کہ انجینئرز متعدد صنعتوں کو متحرک رکھنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں اور اس طرز کی نمائشوں سے مستقبل کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے صنعتوں اور تعلیمی اداروں کے درمیان روابط کو فروغ دینے میں مدد ملیگی۔نجیب ہارون نے آئی ای ای ای پی فیئر کے انعقاد میں پاکستان انجینئرنگ کونسل کی مکمل سپورٹ اور معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر انسٹی ٹیوٹ آف الیکٹریکل اینڈ الیکٹرانکس انجینئرز آف پاکستان (آئی ای ای ای پی) خالد پرویز نے کہا کہ نمائش الیکٹریکل انجینئرنگ ٹیکنالوجی میں ہونے والی تیزرفتار جدت کو سامنے لانے کا منفرد اور اپنی نوعیت کا واحد فورم ہے۔ نمائش میں ٹیکسٹائل، تعمیرات، آئی ٹی اور دیگر صنعتوں کے لیے عمومی اور مخصوص سلوشنز متعارف کرائے جائیں گے۔ تقریب کے اعزازی مہمان آباد کے چیئرمین محسن شیخانی نے آئی ای ای ای پی نمائش کے سلسلے کو جاری رکھنے اور بھرپور انعقاد پر آئی ای ای ای پی اور بی ایکس ایس ایس کو خراج تحسین پیش کیا۔