مزید خبریں

پیٹرول پمپس مالکان نے حیسکول کمپنی کے خلاف اوگرا سے رجوع کرلیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی سمیت ملک بھر میں سینکڑوںپیٹرول پمپس مالکان نجی پیٹرولیم کمپنی حیسکول کی جانب سے پیٹرول پمپس کی زمینوں کو کرایہ نہ دینے اورپیٹرول کی فراہمی تسلسل کے ساتھ نہ کرنے پرکمپنی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے ایگریمنٹ کوڈی لیز کرکے پیٹرولیم ڈیلرز کو آزاد کریں تاکہ وہ کسی دوسری پیٹرولیم کمپنی سے اپنا کاروبارشروع کرسکیں۔ دوسری جانب پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے پیٹرولیم ڈیلرز کے اس دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے اوگراانتظامیہ سے رجوع کرلیا ہے اور حیسکول کمپنی کے خلاف پیٹرول پمپس مالکان نے احتجاج پر بھی غور شروع کردیا ہے۔ پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حیسکول کمپنی کی انتظامیہ کو متنبہ کیا تھا کہ وہ ڈیڑھ سال سے پریشان پیٹرولیم ڈیلرز کے مسئلوں کو فوری حل کرے اور ان کے واجبات ادا کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں ڈی لیز بھی کیا جائے تاکہ وہ دوسری پیٹرولیم کمپنی کے ساتھ اپنا معاہدہ کرسکیں لیکن حیسکول کمپنی نے ڈیلرز کے مسئلوں پر کوئی توجہ نہیں دی جس کے بعد پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا)کی مدد حاصل کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے۔حیسکول کمپنی سے منسلک پیٹرولیم ڈیلرز کا کہنا ہے کہ کمپنی نہ تو ڈلرز کی زمین کا کرایہ ادا کررہی ہے اور نہ ہی بروقت انہیں پیٹرول کی سپلائی مہیا کی جارہی ہے جس کی وجہ سے پیٹرولیم ڈیلرز کی اکثریت مالی بحران کا شکار ہے۔