مزید خبریں

حیدرآباد: ہینڈز انڈپنڈنٹ لیونگ سینٹرٹیم کی کمشنر سے ملاقات

حیدرآباد(اسٹافف رپورٹر)ہینڈز انڈپنڈنٹ لیونگ سینٹر حیدرآباد کی ٹیم نے پروجیکٹ منیجر لال محمد بلوچ کی قیادت میں کمشنر حیدرآباد ندیم الرحمن میمن سے ان کے آفس میں ملاقات کی اور افراد بامعذورین کے مسائل کے حوالے سے بات چیت کی اور افراد بامعذورین کے اسمبلی میں پیش کیے جانے والے بل 2018ء کی کاپی بھی پیش کی ۔ اس موقع پر لال محمد بلوچ نے کہاکہ اس بل کے مطابق تمام پبلک مقامات ، شاپنگ سینٹر، شاپنگ مال اور دیگر تفریح مقامات کو معذورین کے لیے قابل رسائی بنایا جائے۔ وفد نے ڈویژنل کمشنر ندیم الرحمن میمن کو ہینڈز انڈپنڈنٹ لیونگ سینٹر کی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا اور بتایا کہ ہینڈز نے اتنے کم عرصے میں جس تیزی سے معذورین کے لیے بیش بہا خدمات انجام دی ہیں جس کی وجہ سے ان کی زندگیوں میں تبدیلی رونما ہورہی ہے اس سینٹر کی بدولت نہ صرف حیدرآباد بلکہ ملک بھر سے لوگ اس سینٹر سے مستفید ہورہے ہیں۔ وفد نے کمشنر کو آگاہ کیا کہ اگر اس قسم کے سینٹرز حیدرآباد کے طول وعرض میں قائم کردیے جائیں تو وہ معذور افرا دجو ملکی معیشت میں بوجھ تصور کیے جاتے ہیں وہ نہ صرف ملکی باگ دوڑ میں کردار ادا کریں گے بلکہ ملک کے لیے نمایاں خدمات انجام دے سکتے ہیں جس کی مثال ماضی میں ہونے والے اسپورٹس ایونٹ جس میں افراد بامعذورین نے دنیا بھر میں جاکر پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہراکر دنیا کو یہ بتایا کہ پاکستان کے افراد بامعذورین سہولیات نہ ہونے کے باوجود بھی دنیا بھر میں جاکر ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں۔ اس موقع پر ڈویژنل کمشنر ندیم الرحمن میمن نے ہینڈز آئی ایل سی کی خدمات کوسراہا۔