اسلام آباد (اے پی پی) چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے وفاقی وزارت خزانہ، گورنر اسٹیٹ بینک اور دیگر تمام بینکوں کے صدور کے نام اپنے مراسلے میں بینکوں سے درخواست کی ہے کہ وہ ملکی معیشت اور بینکوں سے سود کے خاتمے کے لیے فیڈرل شریعت کورٹ کے28 اپریل2022ء کے فیصلے کے خلاف اپیل میں نہ جائیں بلکہ5 سال کی مدت میں سود کے خاتمے کے عدالتی فیصلے کو سامنے رکھتے ہوئے اس پر بھرپور طریقے سے عمل درآمد کے لیے اقدامات کریں، اسلامی نظر یاتی کونسل اس علمی سعی میں مکمل مشاورت اور معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ ایک بیان میں ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ سود کا خاتمہ نہ صرف حکم الٰہی ہے بلکہ اسلا میان پاکستان کا ایک دیرینہ مطالبہ اور خواب اور آئین پاکستان کا اہم تقاضا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کو امید واثق ہے کہ وفاقی شریعت عدالت کے فیصلے پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد کرنے اور کرانے کے سلسلے میں حکومت اور دیگر تمام متعلقہ ادارے اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔