مزید خبریں

پی آئی اے: جعلی بھرتیوں میں سہولت کاری پر افسران کیخلاف مقدمہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایف آئی اے نے پی آئی اے میں جعلی ڈگریوں پر بھرتیوں میں سہولت کاری کرانے والے افسران کے خلاف مقدمے کا اندراج کرلیا۔ ایف آئی اے کے مطابق پی آئی اے میں جعلی ڈگریوں پر بھرتیوں سے متعلق کی گئی تحقیقات میں اہم حقائق سامنے آنے کے بعد بھرتی میں سہولت کاری کرنے والے پی آئی اے کے شعبہ ایچ آر کے افسران و اسٹاف کے خلاف ایف آئی آر نمبر 27/2022 درج کی گئی ہے۔ ایف آئی اے کی جانب سے جعلی ڈگریوں کی تصدیق نہ کرنے اور دھوکا دہی کے الزام میں سابق ڈائریکٹر ایچ آر حنیف پٹھان، ڈائریکٹر ایچ آر وسیم باری، ڈائریکٹر ایچ آر کیپٹن سلیم احمد، جی ایم ریکروٹمنٹ اینڈ ریکارڈ عاصم احمد کو ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق پی آئی اے کے شعبہ ایچ آر کے گروپ 5 تا 8 کے 18 افسران کے نام بھی مقدمے میں شامل کیے گئے ہیں۔ ایف آئی اے نے عدالت عظمیٰ کے احکامات پر پی آئی اے کی 10 سالہ اسپیشل آڈٹ رپورٹ سامنے آنے پر تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔ ایف آئی اے کے مطابق نامزد پی آئی اے کے شعبہ ایچ آر کے افسران نے دھوکا دہی سے کرپشن کرکے جعلی ڈگریوں والے ملازمین کی ڈگریاں تصدیق کیلیے متعلقہ بورڈ اور یونیورسٹیز کو بھیجی ہی نہیں تھیں۔