مزید خبریں

باپ کا حقیقی باپ بھی سوچ رہا ہوگا یہ کیا ہوگیا،شیخ رشید

اسلام آباد(صباح نیوز)عوامی مسلم لیگ کے رہنما شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ باپ کا حقیقی باپ بھی سوچ رہا ہو گا یہ کیا ہو گیا، اب عمران خان سڑکوں پر ہوگا، یہ حکومت نہیں چل سکتی چاہے ٹانگیں اوپر اور سر نیچے کر لے، حکومتیں سدا نہیں رہتیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ رانا ثناء اللہ نے ملک میں بدمعاشی مچائی ہوئی ہے، رانا ثناء اللہ نے 3 بار میری بہنوں کے گھر ریڈ کرائی۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 25 تاریخ کو جو کچھ اسلام آباد میں ہوا اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر خارجہ ابھی تک بیرون ملک دوروں پر ہیں، اپنے دفتر نہیں گئے، عمران خان نے پورے 3 سال میں جتنے غیر ملکی دورے نہیں کیے ان لوگوں نے 2 مہینے میں کر لیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے دور میں کسی فرد پر ایک ایف آئی آر نہیں کاٹی گئی، باپ کا حقیقی باپ بھی سوچ رہا ہوگا یہ کیا ہو گیا ہے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جون میں یہ جو مہنگائی کرنے جا رہے ہیں عوام سڑکوں پر ہوں گے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ 16پاور پلانٹ بند اور 16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہے اور لوگ گرمی سے مر رہے ہیں۔ 60 فیصد تجارتی خسارہ بڑھ گیا ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر 9ارب ڈالرز رہ گئے ہیں۔ بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے بھی ہمارا درجہ منفی کردیا ہے۔ شیخ رشید احمد کا مزید کہنا تھا کہ پہلے معیشت ڈیفالٹ ہوتی ہے اس کے بعد ملک ڈیفالٹ ہوتا ہے۔ ایک ہفتے میں پیٹرول60روپے فی لیٹر بڑھ گیا ہے اور بجلی 8روپے فی یونٹ بڑھا دی گئی ہے اور چینی 100روپے فی کلو پہنچ گئی ہے، 15جون تک قوم انتظار کرے یہ خود سڑکوں پر آئے گی۔ انہوں نے کہا ہے ایم کیوایم کو مبارک ہو میئر اور گورنر ان کے لگ گئے ہیں اور ان کے دفاتر بھی ان کو مل گئے ہیں اور باپ بھی اپنا حقیقی سیاسی باپ ڈھونڈ رہی ہے، ملک معاشی بحران کی طرف جارہا ہے اور سیاست دان ٹی وی ٹی وی کھیل رہے ہیں ، جون کا مہینہ سیاسی طور پر فیصلہ کن ہو گایا غریب معاشی طور پر مر جائے گا یا امپورٹڈ حکومت سیاسی طور پر مر جائے گی۔