مزید خبریں

پیٹرول مہنگا کرنے کیخلاف احتجاج کرنے والوں کی شناخت کا حکم

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کی کال کے بعد وزارت داخلہ نے تمام صوبائی حکومتوں، آئی جی پولیس اور سیکرٹریز برائے داخلہ کو ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں حکم دیا گیا ہے کہ احتجاج میں شامل پی ٹی آئی کے کارکنوں کی شناخت کو ہرصورت یقینی بنایا جائے۔وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے احتجاج میں شامل ایسے شرپسند عناصر کو تلاش کیا جائے جو اس سے قبل 25 مئی کے فسادی مارچ کے دوران ہونے والی ہنگامہ آرائی میں ملوث تھے۔ ایسے عناصر پر کڑی نظر رکھنے کے ساتھ ان کی گرفتاری یقینی بنائی جائے ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ شرپسند مظاہرین آئندہ بھی فساد فتنہ مارچ میں شامل ہو سکتے ہیں۔ لہٰذا سخت کارروائیوں کے ذریعے انہیں مستقبل میں کسی بھی ممکنہ شرپسندی سے روکا جائے۔وزارت داخلہ نے ہدایت کی کہ ایسے عناصر جو گزشتہ ماہ پی ٹی آئی کے فتنہ فساد مارچ کا حصہ تھے اور بطور نامعلوم افراد مقدمات میں شامل تھے، انہیں شناخت کرکے فوری حراست میں لیا جائے۔ 25 مئی فتنہ مارچ میں درج مقدمات کی تفتیش مکمل کرکے چالان آئندہ 7 یوم میں عدالتوں میں پیش کیے جائیں۔