مزید خبریں

ملک بحرانوں سے نکلے گا مگر کچھ وقت لگے گا،مریم نواز

لاہور (نمائندہ جسارت/ صباح نیوز) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف عوامی ردعمل کی شدت کم کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بحرانوں سے نکلے گا مگر کچھ وقت لگے گا‘ہمیں عوام کو درپیش مسائل کا احساس اور ادراک ہے۔ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کم کرنے کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف سرتوڑ کوشش کر رہے ہیں‘ مریم نواز نے یقین دہانی کرائی کہ ان شا اللہ آئندہ دنوں میں بہتری آئے گی‘ عمران دور کے ظالمانہ معاہدے آج بھی قوم مہنگے پیٹرول اور مہنگی بجلی کی صورت میں بھگت رہی ہے‘ مہنگائی نے گزشتہ 4 برس سے عوام کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے‘ حکومت ملک کی معاشی بنیادیں مضبوط کررہی ہے‘ مسلم لیگ ن ہی ایک بار پھر عوام کو ریلیف فراہم کرے گی۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پی ٹی آئی کے احتجاج پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ باقی شرپسندی کی طرح اس کال پر بھی ایک بندہ نہیں نکلا‘ عوام ناصرف اس فتنے، تخریب کار اور بھگوڑے کو جان چکے ہیں بلکہ عوام کو یہ بھی معلوم ہے کہ عمران کی پھیلائی ہوئی تباہی سے اگر کوئی جماعت پاکستان کو نکال سکتی ہے تو وہ مسلم لیگ ن ہے‘ ابھی کچھ وقت لگے گا لیکن پاکستان بحرانوں سے نکل جائے گا۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کے رہنمائوں محمد زبیر اور دانیال عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت بہت مشکل معاشی حالات سے گزر رہا ہے لہٰذا معیشت کی بہتری کے لیے کچھ مشکل اور کٹھن فیصلے کیے جا رہے ہیں جنہیں عوام کو برداشت کرنا پڑے گا‘ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانا ہماری مجبوری ہے‘ روپے کو مستحکم کرنے کے لیے بھی یہ قیمت بڑھانا ضروری تھی‘ آئی ایم ایف کے پاس جانا ضروری تھا کیونکہ ہم ڈیفالٹ کی طرف جا رہے تھے۔ ان خیالات کا اظہار دونوں رہنمائوں نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔